
نئی دہلی، 28 نومبر (ہ س)۔ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 543 سے بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز پر حزبِ اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ خواتین ریزرویشن کو آڑ بنا کر حلقہ بندی کے ذریعے ملک کا انتخابی نقشہ بدلنے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو سیاسی فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقہ بندی کے لیے ایک کثیر الجماعتی کمیشن قائم کیا جائے اور خواتین ریزرویشن کو لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں پر ہی نافذ کیا جائے۔
پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل راہل گاندھی نے ہفتے کے روز یہاں پارٹی کے نئے صدر دفتر اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ حد بندی بل محض لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھانے کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ اس سے انتخابی حلقوں کی حدود اور مختلف طبقات کی نمائندگی بھی متاثر ہوگی۔ پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 30 نومبر سے 3 دسمبر تک طلب کیا گیا ہے، جس میں حد بندی بل پیش کیے جانے کی تیاری ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل پہلے ہی منظور ہوچکا ہے اور اسے لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستوں پر نافذ کیا جاسکتا ہے۔ ایسے میں نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی ضرورت سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 850 کے عدد کو یاد رکھا جانا چاہیے، کیونکہ اس کے ذریعے انتخابی حلقوں کا نقشہ بدلنے کی کھلی چھوٹ مل سکتی ہے۔
ذات پر مبنی مردم شماری اور ریزرویشن کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ حکومت 2027 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے بجائے 2011 کی مردم شماری کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ نئی مردم شماری سے دیگر پسماندہ طبقات اور دلت آبادی سے متعلق ایسے حقائق سامنے آسکتے ہیں جو حکومت کے لیے باعثِ دشواری ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ نظام میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے لیے مختص نشستوں کا تناسب طویل عرصے تک جوں کا توں رہ سکتا ہے، جبکہ ان طبقات کی آبادی بڑھ رہی ہے۔ ان کے بقول، اس سے ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے حقوق متاثر ہوں گے۔
راہل گاندھی نے حد بندی کمیشن کی مجوزہ ساخت اور الیکشن کمیشن کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے کردار پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پر قبضہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حلقہ بندی کے عمل کو اس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے کہ انتخابی حلقوں کی حدود بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے لیے طے کی جائیں۔
انہوں نے جموں و کشمیر اور آسام کی مثال دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہاں ووٹروں کو ایک انتخابی حلقے سے دوسرے حلقے میں منتقل کیا گیا اور حلقوں کی حدود میں تبدیلی کے ذریعے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ ان کے مطابق، ملک کے انتخابی نقشے کے ساتھ بھی ایسا ہوسکتا ہے۔
راہل گاندھی نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ حلقہ بندی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل کمیشن قائم کیا جائے اور خواتین ریزرویشن میں دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ذیلی کوٹہ بھی شامل کیا جائے۔
ہندوستان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی