یوم آئین پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں میں تقریبات کا اہتمام
علی گڑھ, 28 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اس سے وابستہ اداروں میں یوم آئین کے موقع پر مختلف پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں آئینی اقدار، جمہوری اصولوں اور شہری ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔ شعبہ زولوجی میں منعقدہ پروگرام میں اساتذہ، ریسرچ
یوم آئین پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف اداروں میں تقریبات کا اہتمام


علی گڑھ, 28 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اس سے وابستہ اداروں میں یوم آئین کے موقع پر مختلف پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں آئینی اقدار، جمہوری اصولوں اور شہری ذمہ داریوں کو اجاگر کیا گیا۔

شعبہ زولوجی میں منعقدہ پروگرام میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور طلبہ نے شرکت کی۔ شعبے کی چیئرپرسن پروفیسر قدسیہ تحسین نے انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بنیادی حقوق کے احترام اور آئینی فرائض کی ادائیگی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے طلبہ اور ریسرچ اسکالرز کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی میں ان اقدار کو اپنائیں۔

پروفیسر جی جی ایچ اے شاداب نے ہندوستانی آئین کے تاریخی پس منظر، دستور ساز اسمبلی کی تشکیل اور آئین کی تدوین کے مختلف مراحل پر گفتگو کی۔ انہوں نے مسودہ ساز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات اور آزاد ہندوستان کے آئین کی تشکیل میں کارفرما ان کے وژن کو بھی اجاگر کیا۔

لاء فیکلٹی میں ڈین کے دفتر اور کلاس رومز میں آئین کی تمہید کی اجتماعی قرأت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر لاء فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شکیل احمد موجود تھے۔ ڈین دفتر میں قرأت کی قیادت پروفیسر جاوید طالب نے کی، جس میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کی، جبکہ ایک کلاس روم میں پروفیسر ایس کے احتشام الدین احمد نے قرأت کی قیادت کی، جس میں 70 طلبہ شریک ہوئے۔ ڈاکٹر صدام حسین نے بھی آئین کی تمہید کی قرأت کی اور طلبہ کو آن لائن تمہید پڑھنے کی مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے یومِ آئین منانے کے سلسلے میں حکومت ہند کی ہدایات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر ‘‘ہندوستانی آئین: اس کے وژن اور فلسفے کی تفہیم’’ کے موضوع پر شعبہ قانون کے پروفیسر محمد وسیم علی اور پروفیسر سید علی نواز زیدی نے خصوصی خطبہ پیش کیا۔ پروفیسر وسیم علی نے آئین کی تمہیدکے تاریخی پس منظر اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے معاشرے کی تشکیل اور قوم کی تعمیر میں آئینی اقدار کے کردار کو واضح کیا۔ پروفیسر زیدی نے آئین کی معنویت اور اس کے قانونی اصولوں پر گفتگو کرتے ہوئے مختلف دفعات کا حوالہ دیا اور آئین کی تمہید میں درج اس تصورِ انصاف کا ذکر کیا جو اقلیتوں، کمزور طبقات اور انفرادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام میں 300 سے زائد تدریسی وغیر تدریسی عملے کے ارکان، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء کو آن لائن تمہید پڑھنے کی سرگرمی میں حصہ لینے کی ترغیب بھی دی گئی۔ پروگرام کا انعقاد آرگنائزنگ سکریٹری ڈاکٹر صدام حسین کی نگرانی میں کیا گیا۔

شعبہ کامرس میں ‘‘ستیہ میو جیتے’’ اور ‘‘ڈاکٹر بی آر امبیڈکر: ہندوستانی آئین کے معمار’’ کے موضوعات کے تحت یومِ آئین منایا گیا۔ پروگرام کا انعقاد ڈین پروفیسر محمد اشرف علی، شعبہ کامرس کے چیئرمین پروفیسر محمد آصف خان اور کوآرڈنیٹر ڈاکٹر نغمہ اظہر کی نگرانی میں کیا گیا۔

مولانا آزاد لائبریری میں یوم آئین کی خصوصی تقریب منائی گئی۔ اس موقع پر 26 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی کے ذریعہ ہندوستانی آئین کو اختیار کیے جانے کی یاد تازہ کی گئی۔ پروگرام میں عملے کے اراکین نے شرکت کی۔ یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن آئین سازوں کے وژن کی یاد دلاتا ہے اور شہریوں کو اپنی روزمرہ کی سماجی و شہری زندگی میں آئینی اقدار اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ عملے کے ارکان نے آئین کی تمہید کی اجتماعی قرأت کی اور مائی جی او وی پورٹل کے ذریعہ آن لائن قرأت میں بھی حصہ لیا۔

یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس میں بھی آئین کی تمہید کی اجتماعی قرأت کی گئی۔

ممبر انچارج پروفیسر شکیل احمد نے غیر تدریسی عملے کے ارکان کے ہمراہ پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کی آئینی اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔

آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول میں یومِ آئین کے موقع پر ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ آئین کی تمہید کی قرأت کی قیادت قائم مقام پرنسپل محترمہ شاذیہ قمر نے کی۔ انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کو آئینی عہد بھی دلایا۔ طلبہ کو آئین کی تاریخ اور اہمیت سے واقف کرانے کے لیے ایک خصوصی اسمبلی کا اہتمام کیا گیا۔ محترمہ قمر نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں انصاف، آزادی، مساوات اور اخوت کے اصولوں کو اپنانے کی ترغیب دی۔ سینئر استاد ڈاکٹر محمد رضوان عالم نے آئین کے تاریخی پس منظر، آئین ساز اسمبلی کی تشکیل اور اس کے کردار نیز آئین کی تدوین میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ مسٹر سید انور صدیقی نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande