افغانستان: اسکول کے قریب زوردار دھماکے میں 6 طلبہ جاں بحق، 97 زخمی
کابل، 28 نومبر (ہ س)۔ افغانستان کے مشرقی صوبے کنار میں ہفتہ کی صبح ایک اسکول کے قریب ہونے والے زوردار دھماکے میں 6 طلبہ جاں بحق جبکہ 97 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد ابتدائی
افغانستان: اسکول کے قریب زوردار دھماکے میں 6 طلبہ جاں بحق، 97 زخمی


کابل، 28 نومبر (ہ س)۔ افغانستان کے مشرقی صوبے کنار میں ہفتہ کی صبح ایک اسکول کے قریب ہونے والے زوردار دھماکے میں 6 طلبہ جاں بحق جبکہ 97 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی تعداد ابتدائی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا ادارے الجزیرہ کے مطابق، کنارصوبائی اسپتال کے سربراہ مولوی داد نے بتایا کہ دھماکے میں 6 طلبہ کی موت ہوئی ہے جبکہ 97 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور فی الحال یہ ابتدائی اعداد و شمار ہیں۔

کنار کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ڈائریکٹر مولوی سمیع الحق کے مطابق، دھماکہ ہفتہ کی صبح تقریباً 10 بجے مشرقی افغانستان کے صوبہ کنارکے علاقے سیر میں ایک مڈل اسکول کے قریب واقع مکان میں ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جس مکان میں دھماکہ ہوا، اسے کان کنی کے کام سے وابستہ افراد استعمال کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وہاں کان کنی میں استعمال ہونے والا دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرکے رکھا گیا تھا۔

تاہم دھماکے کی اصل وجہ اور اس میں استعمال ہونے والے مواد کے بارے میں ابھی تک تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے بھی اس واقعے میں ہونے والے مجموعی نقصان کے حوالے سے فی الحال کوئی سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔

پاکستان کی سرحد سے متصل صوبہ کنار میں تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں۔ حکام دھماکے کی وجوہات اور حادثے سے جڑے حالات و واقعات کی جانچ کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ اسی سال اگست میں دارالحکومت کابل کے ایک اسکول کے احاطے میں ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں 9 سے 14 سال کی عمر کے 40 سے زائد بچے زخمی ہوگئے تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande