
برسلز،27نومبر(ہ س)۔یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کویت میں ڈرون حملے کے نتیجے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت کے بعد ایران پر دباؤ مزید بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خلیجی خطے کی سلامتی صرف اس علاقے تک محدود معاملہ نہیں بلکہ اس کے اثرات پوری دنیا اور یورپ تک پہنچتے ہیں۔
وان ڈیر لیین نے جمعرات 26 نومبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ کویت میں پیش آنے والے واقعات ایک بار پھر اس حقیقت کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ خلیجی خطے کا امن و استحکام ہر ایک کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے اس بیان کو ایران کے خلاف یورپی کمیشن کے سخت ہوتے ہوئے موقف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے جمعرات کو تصدیق کی کہ کویت میں ایرانی ڈرون حملے کے دوران دو اطالوی شہری ہلاک ہوئے ہیں۔ دونوں افراد جرمن دفاعی صنعت کے معروف گروپ رائن میٹل کے اطالوی یونٹ میں تکنیکی ماہرین کے طور پر کام کرتے تھے۔
تاجانی نے روم میں سینیٹ کو بتایا کہ دونوں ماہرین کویت میں فضائی دفاع کے ایک نگرانی اسٹیشن پر تعینات تھے، جب اس تنصیب کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ کویت سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، ایک زوردار دھماکے کے بعد دونوں اطالوی شہریوں کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک پاکستانی شہری اور کویتی فوج کا ایک افسر شامل ہے۔کویت کی وزارت دفاع نے بھی دونوں اطالوی شہریوں کے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ وزارت نے ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنائے جانے کے دوران دھماکے کے ٹکڑے گرنے سے چار افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس کارروائی کو وزارت نے ’ایرانی جارحیت‘ قرار دیا۔وزارت دفاع کے مطابق، حملے میں زخمی ہونے والے دیگر دو افراد میں ایک کویتی شہری اور ایک پاکستانی شہری شامل تھے۔ کویتی فوج نے اپنی فضائی حدود میں متعدد ڈرون طیاروں کی نشاندہی کرکے انہیں تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں تنصیب کو مادی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
اطالوی وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے اس واقعے پر ہلاک ہونے والے شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب، ایرانی وزارت خارجہ نے اس واقعے پر تبصرے کے لیے خبر رساں ادارے رائٹرز کی درخواست کا فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا، جبکہ دفاعی کمپنی رائن میٹل نے بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کویت پر یہ دوسرا ایرانی حملہ بتایا جا رہا ہے۔ تازہ واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی کے ساتھ ساتھ ایران اور یورپی ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ میں اضافے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan