
نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کی سمت میں مرکزی حکومت نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اسی سلسلے میں جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں سیوا تیرتھ میں مرکزی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حد بندی بل کو منظوری دے دی گئی ہے۔ اس کے تحت تمام ریاستوں میں لوک سبھا کی موجودہ نشستوں کی تعداد میں 50 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بل میں نشستوں کی نئی حد بندی کے لیے 2011 کی مردم شماری کو بنیاد بنانے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس تجویز کا مقصد حد بندی کے بعد کسی بھی ریاست کی سیاسی نمائندگی میں کمی کے خدشے کو دور کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کے موجودہ تناسب کو سال 2051 تک برقرار رکھنے کی تجویز بھی پیش کی جا سکتی ہے۔
اس تجویز کو خواتین کے لیے ریزرویشن نافذ کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر اور راجیہ سبھا کی کارروائی 2 دسمبر سے شروع ہوگی، جبکہ 3 دسمبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ