اے ایم یو میں شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ‘‘معیار: کارکردگی کی تقویت کاری’’ کے موضوع پر ورلڈ کوالٹی ڈے 2026 منایا گیا
شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ‘‘معیار: کارکردگی کی تقویت کاری’’ کے موضوع پر ورلڈ کوالٹی ڈے 2026 منایا گیا علی گڑ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ‘‘معیار: کارکردگی کی تقویت کاری’’ کے موضوع پر ورلڈ کوالٹی ڈے 2026 منای
کوالٹی ڈے


شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ‘‘معیار: کارکردگی کی تقویت کاری’’ کے موضوع پر ورلڈ کوالٹی ڈے 2026 منایا گیا

علی گڑ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن میں ‘‘معیار: کارکردگی کی تقویت کاری’’ کے موضوع پر ورلڈ کوالٹی ڈے 2026 منایا گیا۔ اس موقع پر تنظیمی کارکردگی کو بہتر بنانے، کاروباری مہارت کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں کوالٹی مینجمنٹ کے اہم کردار کو اجاگر کیا گیا۔

‘‘کوالٹی کنٹرول سے آگے: کاروباری مہارت اور پائیدار ترقی کے لیے معیار بحیثیت تزویراتی محرک’’ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے این وائی کریو ایل ایل پی ، گروگرام کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مسٹر نیرج نہرا نے بتایا کہ کس طرح معیار کا تصور ایک عملی ذمہ داری سے ارتقا پذیر ہوکر کاروباری مہارت اور مسابقتی برتری کے ایک اہم تزویراتی محرک میں تبدیل ہوگیا ہے۔ انہوں نے معیار کی معاشیات، سنٹرل کوالٹی ایکو سسٹم اور کاروبار کے مستقبل پر گفتگو کرتے ہوئے مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘معیار ایک سفر ہے، منزل نہیں۔’’

کوالٹی کونسل آف انڈیا، نئی دہلی کے نیشنل بورڈ فار کوالٹی پروموشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر مسٹر امیت سنگھ نے ‘‘بنیادی سطح سے عالمی مسابقت تک: کیو سی آئی اور گُنوتّا تحریک کس طرح صنعتی کارکردگی کو تقویت دے رہی ہیں’’ کے موضوع پر اپنے خطاب میں مختلف صنعتوں میں معیار کے طریق ہائے کار کو مستحکم کرنے اور ہندوستان کی عالمی مسابقتی صلاحیت میں اضافے کے لیے کوالٹی کونسل آف انڈیا اور گُنوتّا تحریک کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بنیادی سطح پر اقدامات کے ذریعہ معیار کی ثقافت کو فروغ دینے اور انہیں مختلف صنعتوں میں وسیع پیمانے پر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

پروگرام کے کنوینر پروفیسر جمال اے فاروقی نے موضوع کا تعارف کرایا اور ورلڈ کوالٹی ڈے کی تقریبات کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے صارفین، کمپنیوں، نگراں اداروں اور مجموعی معاشرے کے لیے معیار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین پروفیسر محمد نوید خان نے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان اس تعلیمی تبادلے کو سراہا اور طلبہ کے تعلیمی تجربات کو بہتر بنانے اور مستقبل کے منتظمین کو صنعتی تقاضوں کے لیے تیار کرنے کی غرض سے ایسی مزید سرگرمیوں کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی صدر پروفیسر سلمیٰ احمد نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام طلبہ کو کوالٹی مینجمنٹ کے بدلتے ہوئے پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار کا دائرہ محض معائنے اور خامیوں کی روک تھام تک محدود نہیں، بلکہ یہ کسی بھی تنظیم کے تمام شعبوں میں مسلسل تزویراتی عہد کا تقاضا کرتا ہے۔

شریک کنوینر ڈاکٹر آصف اختر نے کوالٹی مینجمنٹ میں تحقیقی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے اس شعبے میں ابھرتے ہوئے رجحانات اور عصری نقطہ نظر کو اجاگر کیا۔ دوسرے شریک کنوینر ڈاکٹر لامے بن صابر نے صنعتی مطالعاتی مثالوں کے ذریعہ کوالٹی مینجمنٹ کے اثرات واضح کیے اور بتایا کہ معیار کے منظم طریق ہائے کار کس طرح تنظیمی کارکردگی اور کاروباری نتائج کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

ایم بی اے سال آخر کے طالب علم مسٹر عریب صدیقی نے کلماتِ تشکر ادا کیے، جبکہ ایم بی اے سال آخر کی طالبہ مس انعمت جمال نے پروگرام کی نظامت کی۔

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande