اے ایم یو کے شعبہ شیعہ دینیات کے زیرِ اہتمام دو روزہ بین الاقوامی سیمینار 2 دسمبر کو
علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شیعہ دینیات کے زیرِ اہتمام 2 اور 3 دسمبر کو ایک اہم بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس کا عنوان ہے: ‘‘علمائے خاندانِ اجتہاد اور پروفیسر علی محمد نقوی کی بین المذاہب مکالمے میں خدمات:
شعیہ تھیولوجی


علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شیعہ دینیات کے زیرِ اہتمام 2 اور 3 دسمبر کو ایک اہم بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جائے گا، جس کا عنوان ہے: ‘‘علمائے خاندانِ اجتہاد اور پروفیسر علی محمد نقوی کی بین المذاہب مکالمے میں خدمات: امن اور باہمی مفاہمت کے فروغ کی جانب’’۔ اس علمی و فکری سیمینار میں ہندوستان، ایران اور برطانیہ کے ممتاز علماء، اساتذہ، دانشور اور محققین شرکت کریں گے اور بین المذاہب مکالمے، مذہبی ہم آہنگی، امن و رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں علمی و دینی شخصیات کے کردار کا جائزہ لیں گے۔

سیمینار کا افتتاح 2 دسمبر کو صبح 10:30 بجے جے این ایم سی آڈیٹوریم میں ہوگا۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون افتتاحی اجلاس کی صدارت کریں گی، جب کہ ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب ڈاکٹر محمد فتح علی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ پروفیسر محمد گلریز کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر ایران کے معزز ثقافتی مشیر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عین الحسن اور جناب احمد عباس نقوی مہمانانِ اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

سیمینار کے دوسرے اجلاس میں پروفیسر سعود عالم قاسمی، پروفیسر اے آر قدوائی، پروفیسر توقیر عالم، ایران کے پروفیسر کمال حسینی، علامہ عاصف جائسی، پروفیسر عبدالحمید فاضلی، پروفیسر محب الحق اور ڈاکٹر فائزہ عباسی سمیت متعدد ممتاز اہلِ علم اپنے مقالات پیش کریں گے۔

سیمینار کے تیسرے علمی اجلاس کا انعقاد 3 دسمبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر دو بجے تک فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے کانفرنس ہال میں ہوگا۔ اس اجلاس میں پروفیسر یوسف امین، پروفیسر راشد شاہ، پروفیسر اسمر بیگ، پروفیسر عزیزالدین، پروفیسر عاصم صدیقی، پروفیسر محب الحسن حق، پروفیسر علی ندیم رضاوی، پروفیسر عامر ریاض، چیئرمین شعبہ فلسفہ،ڈاکٹر محمد شاہد اور ڈاکٹر شفیق حسین شفق سمیت ہندوستان، ایران اور برطانیہ کے متعدد ممتاز اساتذہ اور محققین اپنے تحقیقی مقالات پیش کریں گے۔ مقالات کی پیش کش بالمشافہ اور آن لائن دونوں طریقوں سے ہوگی۔

سیمینار کی اختتامی تقریب 3 دسمبر کو سہ پہر 3:30 بجے فیکلٹی آف تھیالوجی میں منعقد ہوگی۔

شعبہ شیعہ دینیات کے چیئرمین ڈاکٹر مولانا اصغر اعجاز قائمی سیمینار کے ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی سرپرستی اور نگرانی میں منعقد ہونے والا یہ علمی اجتماع بین المذاہب مکالمے کی روایت کو مستحکم کرنے، مختلف مذاہب کے درمیان مشترکہ انسانی اقدار کو اجاگر کرنے اور امن و باہمی احترام کے فروغ کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ توقع ہے کہ اس سیمینار میں پیش کیے جانے والے علمی و تحقیقی مقالات اس موضوع پر فکری مباحث کو نئی جہت عطا کریں گے ۔

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande