
نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ پارلیمنٹ کے آئندہ خصوصی اجلاس میں حد بندی(ڈی لمیٹیشن) اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بلوں کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں نے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس، سماج وادی پارٹی، راشٹریہ جنتا دل، بیجو جنتا دل اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماو¿ں نے الزام لگایا ہے کہ حکومت خواتین کے ریزرویشن کی آڑ میں حد بندی کے ذریعے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے لوک سبھا میں شمالی اور جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کے درمیان نمائندگی کا فرق بڑھ سکتا ہے اور جمہوری نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) نے اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ کو خصوصی اجلاس کے دوران ایوان میں موجود رہنے کے لیے وہپ جاری کیا ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ مینوفیکچرنگ کے شعبے کو رفتار دینے میں ناکام مودی حکومت اب لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کا مصنوعی راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کانگریس اس کی پوری طاقت سے مخالفت کرے گی۔
جے رام رمیش نے پارٹی کے تین مطالبات بھی دہرائے۔ ان میں اگلے 25 برسوں تک لوک سبھا کی موجودہ مجموعی نشستوں اور ریاستوں کے درمیان نشستوں کے تناسب کو برقرار رکھنا، 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن دینا اور درج فہرست ذاتوں و درج فہرست قبائل کی خواتین کے لیے خواتین کے کوٹے کے اندر الگ ریزرویشن فراہم کرنا شامل ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کارتی چدمبرم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ریزرویشن کا بل پہلے ہی اتفاقِ رائے سے منظور ہو چکا ہے، لیکن حکومت اسے حد بندی نافذ کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے 850 ارکان پر مشتمل لوک سبھا کی تجویز کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پارلیمنٹ کی کارکردگی متاثر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام ریاستوں کی نشستوں میں یکساں تناسب سے اضافہ بھی کیا جائے تو شمالی اور جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کے درمیان نشستوں کی حقیقی تعداد کا فرق بڑھ سکتا ہے۔حد بندی کے دوران انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی حکمراں جماعت کے مفادات کے مطابق کیے جانے کا خدشہ بھی ہے۔ چدمبرم نے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا کی موجودہ 543 نشستیں برقرار رکھی جائیں اور انہی میں خواتین کے لیے 181 نشستیں مختص کی جائیں۔
سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رائے نے کہا کہ حکومت نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کا مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت سات ماہ بعد خصوصی اجلاس بلا رہی ہے، جب کہ اس دوران خرید و فروخت، توڑ پھوڑ اور دھمکانے کی سیاست جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ حد بندی سے شمالی اور جنوبی ہندوستان کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کی نمائندگی کا فرق مزید بڑھ سکتا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے سلیم پور سے رکن پارلیمنٹ رام شنکر راج بھر نے بھی خصوصی اجلاس بلانے کے فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہونا ہی تھا تو پھر تین روزہ خصوصی اجلاس بلانے کی ضرورت کیا تھی؟ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ملک کو شمالی اور جنوبی ہندوستان کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
راشٹریہ جنتا دل کے رکن پارلیمنٹ منوج کمار جھا نے بھی خصوصی اجلاس بلانے کے پیچھے حکومت کی منشا پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس ختم ہوئے ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا اور اب سرما کے موسم میں خصوصی اجلاس بلایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ محض حلقہ بندی کا معاملہ نہیں بلکہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت انتخابی حلقوں کی نئی حدبندی اپنے سیاسی مفادات کے مطابق کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے آسام میں ہونے والی حد بندی کا بھی ذکر کیا۔
پورنیہ کے رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے کہا کہ خصوصی اجلاس پہلے بلایا جانا چاہیے تھا۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت خواتین کے ریزرویشن کے نام پر اپنا سیاسی ایجنڈا آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حد بندی جیسے اہم معاملے پر پورے ملک اور کانگریس سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اتفاق رائے حاصل کیا جانا چاہیے۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ سوگت رائے نے کہا کہ انہیں اخبارات اور دیگر ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ پارلیمنٹ کا اجلاس 30 نومبر سے شروع ہو کر چار روز تک جاری رہے گا۔ اس دوران حد بندی اور خواتین کے ریزرویشن سے متعلق بلوں پر بحث ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگے کیا صورت حال سامنے آتی ہے، یہ دیکھنا ہوگا۔
بیجو جنتا دل کے رکن پارلیمنٹ سنتریپت مشرا نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ خواتین کے ریزرویشن کی حمایت کرتی رہی ہے۔ ان کا سوال تھا کہ خواتین کے لیے ریزرویشن کا نفاذ موجودہ 543 ارکان پر مشتمل لوک سبھا میں ہی کیوں نہیں کیا جا سکتا؟ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اڈیشہ کی موجودہ نمائندگی کا حصہ محفوظ رہنا چاہیے اور حکومت کو اس معاملے پر وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کرنا چاہیے تھا۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوک سبھا کا اجلاس 30 نومبر سے، جب کہ راجیہ سبھا کا اجلاس 2 دسمبر سے شروع ہونے کی تجویز ہے۔ دونوں ایوانوں کی کارروائی 3 دسمبر تک جاری رہ سکتی ہے۔ تاہم حکومت نے ابھی تک اجلاس کے تفصیلی قانون سازی کے ایجنڈے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔
اس پورے تنازعے کا ایک اہم پہلو مختلف ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کی تقسیم ہے۔ جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے آبادی پر قابو پانے کے معاملے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایسے میں اگر مستقبل میں صرف آبادی کی بنیاد پر نشستوں کی نئی تقسیم کی گئی تو شمالی ہندوستان کی زیادہ آبادی والی ریاستوں کی نشستوں میں نسبتاً زیادہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس سے پارلیمنٹ میں جنوبی ریاستوں کی موجودہ نمائندگی کم ہونے کا خدشہ ہے۔
حکومت کی جانب سے پہلے یہ دلیل دی گئی تھی کہ اگر تمام ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں میں یکساں تناسب سے اضافہ کیا جائے تو جنوبی ریاستوں کا مجموعی حصہ محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ صرف تناسب برقرار رکھنا کافی نہیں ہے۔ نشستوں کی حقیقی تعداد میں فرق بڑھنے سے پارلیمنٹ میں ریاستوں کا سیاسی اثر و رسوخ بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔
پارلیمنٹ نے ستمبر 2023 میں ’ناری شکتی وندن ایکٹ‘ منظور کیا تھا۔ اس قانون کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے ایک تہائی نشستیں مختص کرنے کا انتظام ہے۔ تاہم قانون کے مطابق اس پر عمل درآمد کا انحصار قانون نافذ ہونے کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے اعداد و شمار کی اشاعت اور اس کے بعد حلقہ بندی کا عمل مکمل ہونے پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں خواتین کے ریزرویشن کا نفاذ نہیں ہو سکا تھا۔
رواں سال اپریل میں حکومت نے آئین (131ویں ترمیم) بل 2026 پیش کیا تھا۔ اس کے ساتھ حد بندی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے متعلق بل بھی لائے جانے تھے۔ مجوزہ آئینی ترمیم میں لوک سبھا کی زیادہ سے زیادہ نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے اور حلقہ بندی کی بنیاد پر خواتین کے ریزرویشن کے نفاذ کی راہ ہموار کرنے کی تجویز تھی۔
تاہم 17 اپریل کو لوک سبھا میں آئینی ترمیم کا یہ بل مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ ووٹنگ میں 528 ارکان نے حصہ لیا، جن میں سے 298 نے بل کے حق میں اور 230 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ بل کی منظوری کے لیے 352 ووٹ درکار تھے۔ اس ناکامی کے بعد حکومت نے اس سے متعلق دیگر بلوں کو بھی آگے نہیں بڑھایا۔
واضح رہے کہ ملک میں مختلف ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر مستحکم رکھی گئی ہے۔ 1976 میں 42ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اس پر روک لگائی گئی تھی۔ بعد ازاں 2001 میں 84ویں آئینی ترمیم کے ذریعے اس پابندی کو 2026 کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے اعداد و شمار کی اشاعت تک بڑھا دیا گیا۔انتخابی حلقوں کی حدود کی آخری بار نئی حدبندی 2001 کی مردم شماری کی بنیاد پر کی گئی تھی، جب کہ حدبندی کمیشن کے احکامات 2008 میں نافذ ہوئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد