
جماعت اسلامی ہند عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن کا انعقاد، عبدالغفار صاحب نے ترجمہ و تشریح کے ذریعے قرآنی تعلیمات کو عام کرنے کی اپیل کی
نئی دہلی،27نومبر(ہ س )۔ جماعت اسلامی ہند عثمان پور یونٹ کے زیرِ اہتمام درسِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں عبدالغفار صاحب نے سورہ طٰہٰ کے آخری رکوع کا ترجمہ اور تفسیری تشریح پیش کی۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیات کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کی قدرت، اس کی وحدانیت، آخرت کی جواب دہی اور انسانی زندگی کے مقصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
عبدالغفار صاحب نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سور? طٰہٰ کا آخری رکوع انسان کو اللہ تعالیٰ کی نشانیوں پر غور و فکر کرنے، دنیا کی عارضی زندگی کے بجائے آخرت کی ابدی زندگی کی تیاری کرنے اور اللہ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسان کو دنیا کی ظاہری چمک دمک اور مال و دولت کی کثرت سے دھوکا نہیں کھانا چاہیے، کیونکہ حقیقی کامیابی ایمان، نیک اعمال اور اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے میں ہے۔انہوں نے آیات کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہدایت کے لیے واضح تعلیمات نازل فرمائی ہیں۔ ان تعلیمات سے منہ موڑنے کا نتیجہ دنیا و آخرت میں خسارے کی صورت میں سامنے آسکتا ہے۔ قرآن مجید محض تلاوت کی کتاب نہیں بلکہ یہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کی رہنمائی کرنے والا مکمل ضابط? حیات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھیں، اس کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کریں اور اس کے پیغام کو معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچائیں۔
درسِ قرآن میں شرکاء نے دلچسپی کے ساتھ شرکت کی اور قرآن مجید کی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais