اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ایم سلیم الدین کی ایگریکلچرل سائنسز کے طلبہ سے گفتگو
علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ایگریکلچرل مائیکروبایولوجی نے ممتاز ماہر تعلیم، سائنس داں اور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ایم سلیم الدین کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا، جس کے ذریعہ طلبہ کو پیشہ ورانہ امکانات، تحقی
اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ایم سلیم الدین کی ایگریکلچرل سائنسز کے طلبہ سے گفتگو


علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ایگریکلچرل مائیکروبایولوجی نے ممتاز ماہر تعلیم، سائنس داں اور یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ایم سلیم الدین کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا، جس کے ذریعہ طلبہ کو پیشہ ورانہ امکانات، تحقیقی مواقع اور زرعی شعبے کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز کے بارے میں قیمتی معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔

پروفیسر سلیم الدین کا استقبال فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسزکے ڈین پروفیسر آر یو خان، شعبہ ایگریکلچرل مائیکروبایولوجی کے صدر اور اساتذہ نے کیا۔ اپنے وسیع علمی، تحقیقی اور انتظامی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر سلیم الدین نے پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کے حصول میں لگن، سائنسی تجسس، بین العلومی تعلیم اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زراعت اور اس سے وابستہ شعبوں میں بڑھتے ہوئے پیشہ ورانہ مواقع پر روشنی ڈالی اور عصری زرعی چیلنجوں سے نمٹنے میں سائنسی تحقیق، تکنیکی اختراع اور کاروباری سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت پیدا کریں، اختراعی خیالات پر عمل کریں اور پائیدار زرعی ترقی میں اپنا تعاون پیش کریں۔

اس تعاملی نشست کے دوران پروفیسر سلیم الدین کو فیکلٹی کے مختلف شعبوں اور مراکز کے اساتذہ سے بھی تبادلہ خیال کا موقع ملا، جن میں ایگریکلچرل مائیکروبایولوجی، پوسٹ ہارویسٹ انجینئرنگ و ٹکنالوجی، زرعی معاشیات و بزنس مینجمنٹ کے شعبہ جات اور سنٹر فار ایگریکلچرل ایجوکیشن شامل ہیں۔

پروگرام میں اسپرنگر نیچر سے شائع ہونے والے مجموعے ‘‘یوٹیلائزیشن آف ایگری فوڈ ویسٹس اینڈ بائی پروڈکٹس ’’ کا اجرا بھی کیا گیا۔ پروفیسر سلیم الدین نے باضابطہ طور پر کتاب کا اجرا کیا۔ اس کتاب کی تدوین ڈاکٹر فیضان احمد، پروفیسر شمس تبریز خان اور پروفیسر صدف زیدی نے کی ہے۔ یہ کتاب زرعی و غذائی فضلات اور ضمنی پیداوار کے پائیدار استعمال اور ان کی قدر میں اضافے کے طریقوں کا جائزہ لیتی ہے۔ یہ تحقیق کا ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے، جس کے وسائل کے تحفظ، فضلہ کے انتظام اور گردشی حیاتیاتی معیشت کے فروغ کے حوالے سے اہم مضمرات ہیں۔

اس موقع پر پروفیسر اقبال احمد، کوآرڈنیٹر، سنٹر فار ایگریکلچرل ایجوکیشن، پروفیسر صغیر خان اور دیگر اساتذہ و طلبہ موجود تھے۔

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande