
علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ منافع الاعضاء کے صدر پروفیسر فاروق احمد ڈار نے بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (بی آئی ایس) کے نامزد کردہ ماہر کی حیثیت سے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، گوا میں منعقدہ آیوش کی معیار بندی سے متعلق قومی کنکلیو میں شرکت کی۔ پروفیسر ڈار کو یونانی، سدھا اور سووا رگپا سے متعلق نشست کے لیے ایکسپرٹ نامزد کیا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت کے حوالے سے معیار بندی اور روایتی نظام ہائے طب کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے کے سلسلے میں ہونے والی گفتگو میں حصہ لیا۔
بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، گوا کے اشتراک سے منعقدہ اس قومی کنکلیو کا مقصد معیارات کے قومی عملی منصوبے (اسنیپ) 2027-962032 کے تحت آیوش کی معیار کاری کے لیے پانچ سالہ جامع لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اس دوران ترجیحی شعبوں کی نشاندہی، معیار کاری کے مقاصد کے تعین اور آیوش نظام ہائے طب کے معیار، تحفظ، یکسانیت اور بین الاقوامی قبولیت کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی پر مبنی اقدامات وضع کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
پروفیسر ڈار، بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز کی یونانی شعبہ جاتی کمیٹی کے پرنسپل ممبر ہیں اور اس شعبے میں معیار کے پیمانوں کو مستحکم کرنے اور معیار کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔پروگرام میں ان کی شرکت قومی پالیسی اقدامات کے ساتھ اے ایم یو کی بڑھتی ہوئی وابستگی اور تحقیق، علمی مہارت اور معیار کاری کے ذریعہ ہندوستانی نظام ہائے طب کو آگے بڑھانے کے لئے ادارہ جاتی کوششوں کی عکاس ہے۔
---------------
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ