
کولکاتا، 27 نومبر (ہ س)۔ مغربی بنگال اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے انتخاب سے متعلق اسمبلی اسپیکر کے فیصلے کو کلکتہ ہائی کورٹ نے مسترد کر دیا ہے۔ جمعہ کو جسٹس کرشنا راو کی سنگل بنچ نے یہ اہم فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر رتھیندر باسو کو آئندہ 10 دن کے اندر اس معاملے پر نئے سرے سے فیصلہ کرنے کی ہدایت دی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 3 جون کو اسپیکر نے ریتبرت بنرجی کو قائد حزب اختلاف تسلیم کیا تھا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے اس فیصلے کو منسوخ کیے جانے کے بعد آئندہ 10 دن تک ریاست میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ خالی رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے اپوزیشن پارٹی کے چیف وہپ کے طور پر آخرالزماں کی تقرری کے فیصلے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
اس سے قبل کلکتہ ہائی کورٹ کی جسٹس شمپا سرکار اور جسٹس اجے کمار گپتا کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے کی سماعت کے بعد اسے دوبارہ سنگل بنچ کے پاس بھیج دیا تھا۔ گزشتہ ہفتےکے روز معاملے کی سماعت مکمل کرنے کے بعد جسٹس کرشنا راو¿ نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا، جسے جمعہ کو سنایا گیا۔
معاملے کے پس منظر کے مطابق اسمبلی انتخابات میں 80 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی بن گئی تھی۔ پارٹی صدر ممتا بنرجی نے سینئر رہنما شبھیندو چٹرجی کو قائد حزب اختلاف منتخب کیا تھا اور اس سلسلے میں گزشتہ 9 مئی کو پارٹی کی جانب سے اسپیکر کو خط بھیجا گیا تھا۔
الزام ہے کہ اسپیکر نے اس خط پر کوئی کارروائی نہیں کی اور بعد میں خط پر ارکان اسمبلی کے جعلی دستخط ہونے کے الزامات لگائے گئے۔ اس کے بعد یکم جون کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں ریتبرت بنرجی اور اینٹالی کے رکن اسمبلی سندیپن ساہا کو پارٹی سے نکال دیا گیا۔ تاہم، 3 جون کو ترنمول کانگریس کے 58 ارکان اسمبلی نے اسپیکر کو ایک اور خط سونپا، جس میں ریتبرت بنرجی کو اپنا قائد منتخب کیا گیا تھا۔ اسی خط پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیکر نے انہیں قائد حزب اختلاف قرار دے دیا۔ اسی کارروائی کو چیلنج کرتے ہوئے شبھیندو چٹرجی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
گزشتہ 16 نومبر کو سماعت کے دوران جسٹس راو¿ نے اسپیکر کے فیصلہ کرنے کے طریقہ کار پر سنگین سوالات اٹھائے تھے۔ انہوں نے پوچھا تھا کہ 78 ارکان اسمبلی کے دعوے کو نظر انداز کرکے 54 یا 56 ارکان اسمبلی کی بات کو اہمیت کیوں دی گئی؟ کیا دوسرے فریق کو سننے کی ضرورت نہیں تھی اور کیا اسپیکر کسی سیاسی جماعت کے آئین اور فیصلے کو نظر انداز کر سکتے ہیں؟ اس روز ریاستی حکومت کے وکیل سوریل داس نے جب فیصلے میں تاخیر کی وجہ واضح کرنے کی کوشش کی تو جسٹس راو¿ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے پوچھا تھا، ”کیا اب آپ خامیوں کو دور کرنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں؟“
دوسری جانب اسپیکر کی طرف سے پیروی کر رہے ریاست کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوادل بھٹاچاریہ نے دلیل دی تھی کہ اسپیکر نے 15 مئی کو عہدہ سنبھالا تھا اور وہ 19 سے 24 مئی تک کولکاتا سے باہر تھے۔ 19 مئی کو ترنمول کانگریس کی جانب سے 6 مئی کی تاریخ والا ایک تجویز نامہ بھیجا گیا تھا، جس کے بعد اپوزیشن دھڑے کی شکایت موصول ہوئی اور ایف آئی آر درج کی گئی۔ تاہم، عدالت ریاستی حکومت کی ان دلیلوں سے مطمئن نہیں ہوئی۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 18 اگست کو اس معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے ڈویژن بنچ نے واضح کیا تھا کہ اسمبلی اسپیکر خواہ کسی سیاسی جماعت کے رکن ہوں، لیکن عہدے کی ذمہ داریاں ادا کرتے وقت انہیں مکمل طور پر غیر جانب دار اور غیر متعصب رہنا ہوگا اور ان کی سیاسی شناخت ان کے فیصلوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے یہ بھی کہا تھا کہ قائد حزب اختلاف اور چیف وہپ کی تقرری کے وقت صرف ارکان اسمبلی کی تعداد ہی نہیں بلکہ متعلقہ سیاسی جماعت کے فیصلے کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد