
نئی دہلی، 27 نومبر (ہ س)۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے جمعہ کو یہاں بھگوان رام پر لکھی گئی ایک کتاب کی رسمِ اجرا کے موقع پر کہا کہ انسانیت کا حقیقی اظہار رحم دلی کے ذریعے ہوتا ہے اور بھگوان رام کے کردار میں اس خوبی کا بھرپور مظاہرہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحم دلی دراصل سچائی کو سمجھنے کا راستہ ہے۔ سچائی یہ ہے کہ ہم سب ایک ہی ذات کا اظہار ہیں۔ اس حقیقت کو سمجھنا اور اسے اپنے عمل میں ظاہر کرنا ہی رحم دلی ہے۔
سنگھ سربراہ بھاگوت نے امبیڈکر بھون میں نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی کی کتاب ’کرونانائک‘ کا اجرا کیا۔ اس موقع پر بھوٹان کی شہزادی دیچن وانگچک، مرکزی وزیر برائے ثقافت و سیاحت گجیندر سنگھ شیخاوت اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس (آئی جی این سی اے) کے رکن سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی بھی موجود تھے۔ اس پروگرام کا انعقاد وزارتِ ثقافت، اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار دی آرٹس اور پربھات پرکاشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ کتاب پربھات پرکاشن نے شائع کی ہے۔
سرسنگھ چالک نے سنگھ کے رضاکاروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سویم سیوک سماج کے دکھ درد کو دور کرنے کی ترغیب سے خدمت کے کاموں میں مصروف رہتے ہیں۔ دنیا میں خوف، خود غرضی اور تکبر کے جذبے سے بھی خدمت کے کام کیے جاتے ہیں، لیکن اپنائیت کا احساس ہی وہ جذبہ ہے جو خدمت کے عمل کو مسلسل جاری رکھتا ہے، اور اسی کا نام رحم دلی ہے۔ سنگھ کا رضاکار بھی اسی جذبے کے تحت کام کرتا ہے۔
مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ رام کو سمجھنا گویا ہندوستان کو سمجھنا ہے اور ہندوستان کو سمجھنا، رام کو سمجھنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ رام کی خوبیوں میں رحم دلی کی حیثیت کوہِ نور جیسے بیش قیمت نگینے کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رحم دلی کے بغیر احساسِ تشکر بھی ممکن نہیں۔
بھوٹان کی شہزادی دیچن وانگچک نے کہا کہ بھوٹان کی ثقافت میں رحم دلی کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہاں کسی انسان کی ترقی کا اندازہ اس کی بہتر اور خوش گوار زندگی سے لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحم دلی دراصل ہمارے کردار کی طاقت اور حوصلے کا نام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کتاب نوجوانوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بنے گی۔
کیلاش ستیارتھی نے کتاب لکھنے کے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رام اور راون کے درمیان بنیادی فرق یہی تھا کہ رام رحم دل تھے، جبکہ راون میں رحم دلی کا فقدان تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر بات خدا پر چھوڑ دینا درست نہیں، بلکہ اپنے اندر موجود ایشور کو پہچاننا ضروری ہے۔ ہم سب کے اندر رحم دلی کا جذبہ موجود ہے۔ یہی جذبہ مسائل کے حل، تبدیلی، ذمہ داری اور جواب دہی کی قوت پیدا کرتا ہے۔ دانش مندی اور سمجھ بوجھ کے ساتھ مسائل کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت ہی رحم دلی ہے۔
انہوں نے اپنی بات واضح کرنے کے لیے نہ صرف بھگوان رام بلکہ شبری اور اہلیا کی مثالیں بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر سچیدانند جوشی نے کہا کہ رام رحم دلی اور تہذیب و ثقافت کی علامت ہیں۔ ان کی شخصیت کو کردار اور اتحاد و یگانگت کے تناظر میں سمجھا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ