بنگلہ دیش میں صنعتی بے چینی، ڈھاکہ کے مضافات میں 300 سے زائد گارمنٹ فیکٹریاں بند
ڈھاکہ، 27 نومبر(ہ س)۔ بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ کے مضافاتی صنعتی علاقوں ساور اور غازی پور میں مزدوروں کے مسلسل احتجاج اور نئے تنخواہی ڈھانچے کے اعلان کے باوجود 300 سے زائد گارمنٹ فیکٹریاں جمعرات کو بند رہیں۔ غازی پور میں گارمنٹ مزدوروں نے مختلف م
بنگلہ دیش میں صنعتی بے چینی، ڈھاکہ کے مضافات میں 300 سے زائد گارمنٹ فیکٹریاں بند


ڈھاکہ، 27 نومبر(ہ س)۔ بنگلہ دیش کی راجدھانی ڈھاکہ کے مضافاتی صنعتی علاقوں ساور اور غازی پور میں مزدوروں کے مسلسل احتجاج اور نئے تنخواہی ڈھانچے کے اعلان کے باوجود 300 سے زائد گارمنٹ فیکٹریاں جمعرات کو بند رہیں۔ غازی پور میں گارمنٹ مزدوروں نے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے، جس کے نتیجے میں کئی کارخانوں میں پیداوار ٹھپ ہوگئی۔ صنعتی ضلع کے مختلف علاقوں میں سڑکیں جام کرنے کی کوشش کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ساؤنڈ گرینیڈ کا استعمال کیا۔

اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ کی رپورٹ کے مطابق، بسن تھانے کے انچارج ہارون الرشید نے پولیس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مزدور زیادہ تنخواہ کے مطالبے کو لے کر کئی مقامات پر سڑکوں پر جمع ہوگئے تھے۔ اس ہنگامہ آرائی کے باعث آمدورفت بھی متاثر ہوئی اور لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی افراد نے متاثرہ علاقوں سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کیے۔

بنگلہ دیش گارمنٹ اینڈ سویٹر ورکرز ٹریڈ یونین سینٹر کے جنرل سکریٹری قاضی روح الامین نے کہا کہ نیا تنخواہی ڈھانچہ مزدوروں کے اخراجات زندگی کی حقیقی صورت حال کی عکاسی نہیں کرتا۔انہوں نے الزام لگایا کہ تنخواہوں کا تعین کرتے وقت بنگلہ دیش لیبر ایکٹ 2006 کی دفعہ 141 میں درج نو معیارات کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کے اخراجات زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے تنخواہوں پر دوبارہ غور کیا جائے۔

اطلاعات کے مطابق ساور میں سات فیکٹریوں کے مزدوروں نے جمعرات کو کام بند کردیا۔ اشولیا انڈسٹریل پولیس-1 کے سپرنٹنڈنٹ محمد مومن الاسلام بھوئیاں نے بتایا کہ صنعتی بے چینی کے باعث لیبر ایکٹ کی دفعہ 13(1) کے تحت پہلے ہی بند قرار دی گئی 22 فیکٹریاں جمعرات کو بھی بند رہیں۔

اس دوران ساور کی ایک گارمنٹ فیکٹری میں توڑ پھوڑ، ملازمین پر حملے اور چوری کے الزامات کے تحت چار نامزد اور 600 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اے کے ایچ اسٹیچ آرٹ لمیٹڈ کے عہدیدار محمد نورالامین نے ساور ماڈل پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ فیکٹری میں داخل ہونے سے پہلے کچھ افراد نے دیسی بم پھوڑے، اس کے بعد توڑ پھوڑ کی، سامان لوٹا اور ملازمین کے ساتھ مارپیٹ کی۔ پولیس انسپکٹر محمد مشرف حسین نے مقدمہ درج کیے جانے کی تصدیق کی۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے دوران فیکٹری کے حفاظتی عملے نے چار افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا۔ گرفتار کیے گئے چاروں افراد اسی فیکٹری کے ملازم ہیں۔بنگلہ دیش گارمنٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر محمود حسن خان نے بتایا کہ اشولیا، ساور اور غازی پور جیسے اہم ٹیکسٹائل اور گارمنٹ مراکز میں حالات اب بھی پوری طرح معمول پر نہیں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کو ان علاقوں میں 300 سے زائد فیکٹریاں بند رہیں۔

دوسری جانب وزیر محنت و روزگار عارف الحق چودھری نے امید ظاہر کی کہ ہفتہ تک تمام فیکٹریوں میں پیداوار دوبارہ شروع ہوجائے گی۔ڈھاکہ کے شرم بھون میں نئے تنخواہی ڈھانچے کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ ایسا سازگار ماحول پیدا کریں، جس سے مفاد پرست عناصر کو صنعت کو نقصان پہنچانے سے روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ویج بورڈ نے بہت کم وقت میں نئی تنخواہوں کا اعلان کیا ہے اور جمہوری طریقہ کار کے تحت تنخواہوں کا پیمانہ تیار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 25 نومبر کو ویج بورڈ نے گارمنٹ ملازمین کی کم از کم ماہانہ تنخواہ 12,500 ٹکا سے بڑھا کر 17,000 ٹکا کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم مزدوروں کا کہنا ہے کہ نئی تنخواہ ان کے بڑھتے ہوئے اخراجات زندگی کے لحاظ سے ناکافی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کے باوجود صنعتی علاقوں میں احتجاج اور بے چینی برقرار ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande