اننت ناگ کے رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید انتقال کر گئے
سری نگر، 27 نومبر(ہ س)۔ جموں و کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سابق صدراوراننت ناگ کے موجودہ رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید جمعرات کی دیررات انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 73 سال تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کی نمازِ
Peerzada Mohammad Sayeed


سری نگر، 27 نومبر(ہ س)۔ جموں و کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے سابق صدراوراننت ناگ کے موجودہ رکن اسمبلی پیرزادہ محمد سعید جمعرات کی دیررات انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 73 سال تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ جمعہ کو اننت ناگ کے دمہال اچھہ بل میں ادا کی جائے گی۔

کانگریس کے سینئر لیڈرپیرزادہ محمد سعید جے کے پی سی سی کے صدر رہے اور کئی حکومتوں میں کابینہ وزیر کے طورپر خدمات انجام دیں۔ ان کا سیاسی سفر پانچ دہائیوں سے زائد عرصے پرمحیط رہا۔ وہ 20 اگست 1953 کو کوکرناگ کے دمہال میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں ہی سیاست سے وابستہ ہو گئے۔ انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی اور 1971 سے پارٹی کی سرگرمیوں میں فعال رہے۔ وہ 1987 میں پہلی باراسمبلی کے لیے منتخب ہوئے اور 1988 میں انہیں وزیر مملکت بنایا گیا۔

انہوں نے 1987، 2002 اور 2008 میں کوکرناگ حلقے کی نمائندگی کی۔ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں انہوں نے اننت ناگ سے پی ڈی پی امیدوارمحبوب بیگ کو 1600 سے زائد ووٹوں کے فرق سے شکست دی اور 8 اکتوبر 2024 کو رکن اسمبلی کے طور پر حلف لیا۔

وہ کشمیر یونیورسٹی سے قانون کے گریجویٹ (ایل ایل بی، 1980) تھے اور اپنے پُرسکون مزاج اور نچلی سطح پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ گہرے روابط کے لیے جانے جاتے تھے۔ ان کے انتقال پر مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے رنج و غم کا اظہار کیا۔

پی ڈی پی نے ایکس پرایک پوسٹ میں انہیں ’’نہایت منکسرالمزاج شخصیت‘‘ قرار دیتے ہوئے ان کی طویل عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پارٹی نے کہا کہ انہوں نے برسوں پارٹی قیادت کے ساتھ کام کیا۔ اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے کہا کہ پیرزادہ محمد سعید نے اپنے حلقے کے عوام اور وسیع تر جموں و کشمیر کی لگن کے ساتھ خدمت کی، پہلے بطور رکن اسمبلی اور وزیر اور حال ہی میں بطور موجودہ رکن اسمبلی۔ بخاری نے کہا: ’’ان کا انتقال ایک بہت بڑا نقصان ہے۔‘‘

جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد لون نے کہا کہ پیرزادہ محمد سعید کا انتقال اننت ناگ کے عوام کے لیے بڑا نقصان ہے، جن کی انہوں نے ’’لگن کے ساتھ خدمت کی۔‘‘

وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے کہا کہ ان کا سیاسی کیریئر کئی دہائیوں پر محیط اور نمایاں رہا۔ انہوں نے کہا: ’’ان کی عوامی زندگی میں گراں قدر خدمات کو ہمیشہ نہایت احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔‘‘

نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان تنویر صادق نے انہیں ایک سینئر قانون ساز، سابق وزیر اور جے کے پی سی سی کے سابق صدر کے طور پر یاد کیا۔ انہوں نے اسمبلی میں پیرزادہ محمد سعید کو اپنا سینئر ساتھی بتاتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان کی پہلی تقریر کے بعد فون کر کے انہیں مبارک باد دی تھی۔ لیڈروں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ


 rajesh pande