ممتاز علیگ ڈاکٹر وصی صدیقی کے رحلت پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سوگوار
علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے اپنے ممتاز سابق طالب علم، ماہر تعلیم، صنعت کار اور امریکہ میں علیگ برادری کی تحریک کے پیش رو ڈاکٹر وصی صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر صدیقی کا مختصر علالت کے بعد 24 نومبر
وصی صدیقی


علی گڑھ, 27 نومبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے اپنے ممتاز سابق طالب علم، ماہر تعلیم، صنعت کار اور امریکہ میں علیگ برادری کی تحریک کے پیش رو ڈاکٹر وصی صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر صدیقی کا مختصر علالت کے بعد 24 نومبر کو امریکہ کے شہر اٹلانٹا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہوا تھا۔

ڈاکٹر صدیقی کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی نمایاں شخصیت، یونیورسٹی سے وابستگی اور علیگ برادری کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں ان کی غیر معمولی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر وصی صدیقی ان شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے ہمیشہ ذاتی مفادات پر اے ایم یو کے مقصد کو ترجیح دی۔

امریکہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر خاتون نے اٹلانٹا میں ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ڈاکٹر صدیقی سے یادگاری نشان حاصل کرنے کے خوشگوار لمحے کو یاد کیا۔ وائس چانسلر نے انہیں ایک خوش مزاج، محبت کرنے والے اور علیگ اقدار سے گہری وابستگی رکھنے والے شخص کے طور پر یاد کیا، جن کی اپنی مادرِ علمی سے محبت زندگی بھر برقرار رہی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں بھی، جب عمر اور کمزوری کے باعث ان کی جسمانی قوت متاثر ہوچکی تھی، ڈاکٹر صدیقی، سابق طلبہ کی تقریبات اور یونیورسٹی کے پروگراموں میں شرکت کے لیے غیر معمولی جوش و جذبے اور آمادگی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ ان کی موجودگی، گرم جوشی اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے وابستگی خاص اہمیت رکھتی تھی۔

انہوں نے کہا، ‘‘یہ باعثِ مسرت ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف بالخصوص 25 اکتوبر 2026 کو انہیں عطا کیے گئے ‘‘اے اے اے اے لائف اچیومنٹ ایوارڈ’’ کے ذریعہ ان کی زندگی ہی میں کیا گیا۔’’ وائس چانسلر نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور ان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔

اتر پردیش کے شہر سہارنپور میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر صدیقی نے 1950 کی دہائی میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے نباتیات میں بی ایس سی اور ایم ایس سی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ بعد ازاں وہ یونیورسٹی کے شعبہ نباتیات میں اسسٹنٹ پروفیسر مقرر ہوئے۔ 1960 کی دہائی میں امریکہ منتقل ہونے کے بعد انہوں نے رٹجرز یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور ایک کامیاب ماہر تعلیم و صنعت کار کے طور پر اپنی شناخت قائم کی۔

علیگ تحریک کے لیے ان کی اہم خدمات میں 1984 میں اٹلانٹا کی علیگ انجمن (اے اے اے اے) کا قیام شامل ہے، جس کے وہ پہلے صدر بنے۔ اپنی بصیرت اور مسلسل کوششوں کے ذریعہ انہوں نے اس انجمن کو ایک ایسے اہم پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے میں مدد دی، جو نسل در نسل علیگ برادری کے علمی، ثقافتی اور ادارہ جاتی روابط کو محفوظ رکھنے کا ذریعہ بنا۔ ان کی کوششوں کے نتیجے میں 1986 میں جارجیا کے گورنر جو فرینک ہیرس نے تاریخی علی گڑھ الومنئی ڈے کا اعلامیہ جاری کیا، جو علیگ برادری کی خدمات کے اعتراف کی جانب ایک اہم سنگِ میل تھا۔

---------------

ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande