
اروناچل پردیش میں مجوزہ سیانگ اپر ملٹی پرپز پروجیکٹ کو لے کر تنازع شدت اختیار کرنے لگا، آدی تنظیم نے وزیر اعلیٰ اور رکن پارلیمنٹ کے بیانات میں تضاد کا الزام لگاتے ہوئے حکومت سے موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا
ایٹا نگر، 27 نومبر(ہ س)۔ اروناچل پردیش کی تنظیم ’آدی بانے کیبانگ یونائٹیڈ‘ نے مجوزہ سیانگ اپر ملٹی پرپز پروجیکٹ (ایس یو ایم پی) کے معاملے میں وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو سے وضاحت طلب کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور اروناچل ایسٹ کے رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ کے بیانات میں تضاد نظر آرہا ہے، جس سے اس بڑے ڈیم منصوبے کو لے کر مقامی لوگوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔
تنظیم نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے 2024 میں ینگکیونگ، بولینگ، پاسی گھاٹ اور ایٹا نگر میں عوام کو یقین دلایا تھا کہ اگر لوگ ڈیم نہیں چاہتے تو حکومت اس کی تعمیر نہیں کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے واضح طور پر کہا تھا کہ ’’اگر عوام کو ڈیم نہیں چاہیے تو ہم ڈیم نہیں بنائیں گے۔‘‘
تاہم تنظیم کا الزام ہے کہ رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ، وزیر اوجنگ تاسنگ اور آدی برادری کے بعض ارکان اسمبلی کے حالیہ بیانات سے یہ تاثر ملتا ہے کہ عوام کی مخالفت کے باوجود ڈیم منصوبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔تنظیم نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ کیا اس منصوبے کو قومی منصوبہ یا قومی سلامتی کا حوالہ دے کر آگے بڑھایا جارہا ہے؟ اس کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کو اس معاملے میں اپنا موقف واضح کرنا چاہیے۔
تنظیم کے مطابق اس نے 10 نومبر کو کمشنر (ایسٹ)امجد ٹاک، 13 نومبر کو رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ اور 19 نومبر کو وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کو خطوط لکھ کر اپنے خدشات سے آگاہ کیا تھا، لیکن اب تک موصول ہونے والے جوابات سے اس کی تشویش دور نہیں ہوئی ہے۔
تنظیم نے بتایا کہ 26 نومبر کو منعقدہ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں رکن پارلیمنٹ تاپیر گاؤ کی دو تقاریر کی ویڈیوز دیکھی گئیں۔ تنظیم کا دعویٰ ہے کہ ان تقاریر میں رکن پارلیمنٹ نے کہا تھا کہ ’’ڈیم تو بن کر ہی رہے گا۔‘‘
تنظیم کے مطابق بعد میں رکن پارلیمنٹ نے وضاحت دی کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا، لیکن تنظیم اس وضاحت سے مطمئن نہیں ہے۔تنظیم نے رکن پارلیمنٹ کے اس مبینہ بیان پر بھی تشویش ظاہر کی، جس میں کہا گیا تھا کہ اگر موجودہ نسل اس منصوبے کو قبول نہیں کرتی تو آنے والی نسل اسے اپنا لے گی۔تنظیم نے کہا کہ مجوزہ منصوبے کا تعلق آدی برادری کی آبائی زمین سے ہے، اس لیے مقامی لوگوں کو یہ جاننے کا پورا حق ہے کہ حکومت اس منصوبے کے بارے میں کیا فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔
تنظیم نے وزیر اعلیٰ، رکن پارلیمنٹ اور دیگر عوامی نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بیانات کی وضاحت کریں اور عوامی رائے کا احترام کریں۔ اس کا کہنا ہے کہ ریاست کی زمین اور اس کے مستقبل سے متعلق فیصلے کرنے کا آخری اختیار وہاں کے لوگوں کے پاس ہونا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan