
نئی دہلی، 27 نومبر(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی نے حد بندی بل کے حوالے سے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی حد بندی بل کے خلاف ہے اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ بھارتیہ جھوٹھا پارٹی حد بندی بل نہیں لا رہی ہے بلکہ بی جے پی جتاٰٗ بل لے کر آئی ہے۔ اگر یہ بل منظور ہو گیا تو بی جے پی کے حامی ووٹوں کو ایک جگہ اور اس کے مخالف ووٹوں کو دوسری جگہ یکجا کر دیا جائے گا۔ آسام اور جموں و کشمیر اس کی تازہ مثالیں ہیں، جہاں بی جے پی نے حد بندی کے نام پر اپنے حامی ووٹوں کو ایک جگہ مجتمع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اپوزیشن جماعت اس بل کی حمایت کرے گی، تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ خواتین کے ریزرویشن بل کو تمام جماعتوں کی متفقہ حمایت سے پہلے ہی منظور کیا جا چکا ہے۔ اگر مودی جی کی نیت صاف ہے تو وہ اسے کل سے ہی نافذ کر سکتے ہیں۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ بھارتیہ جھوٹھا پارٹی ایک بار پھر نئے جھوٹ کے ساتھ بی جے پی جتا بل لے کر آئی ہے۔ اگرچہ اس بل کا نام ڈی لمیٹیشن بل رکھا گیا ہے، لیکن حقیقت میں یہ بی جے پی جتا بل ہے۔ کیونکہ اگر حد بندی کے بعد نشستوں کی تعداد بڑھائی گئی تو ملک میں انتخابی حلقوں کا تعین بی جے پی کا ایک ایسا ایجنٹ کرے گا جو گیانیش کمار کی طرح عہدے پر بیٹھا ہے۔ یہ ایجنٹ ان علاقوں کے ووٹوں کو ایک ساتھ کر دے گا جہاں بی جے پی جیت رہی ہوگی، جبکہ ان علاقوں کے ووٹوں کو بھی ایک جگہ جمع کر دے گا جہاں بی جے پی کے خلاف ووٹ پڑتے ہیں۔ سنجے سنگھ نے آسام اور جموں و کشمیر میں انتخابی حلقوں کی حد بندی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آسام کے ایک انتخابی حلقے میں 26 لاکھ ووٹر ہیں، جبکہ دوسرے حلقے میں محض 12 لاکھ ووٹر ہیں۔ اسی طرح جموں و کشمیر میں ایک انتخابی حلقے کی آبادی 1.80 لاکھ ہے، جبکہ دوسرے حلقے کی آبادی صرف 73 ہزار ہے۔ اگر حد بندی کی جا رہی ہے تو انتخابی حلقوں کا تعین آبادی کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ دراصل بی جے پی جتا بل ہے، جس کے تحت انتخابی حلقوں کا تعین بی جے پی کے مفادات کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ اگر دلت، پسماندہ طبقات اور قبائلی برادری کے لوگ زیادہ تر بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے ہیں تو انہیں حد بندی کے دوران ایک ہی انتخابی حلقے میں جمع کر دیا جائے گا۔ ناگپور میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے حامیوں کو ایک انتخابی حلقے میں رکھ دیا جائے گا۔ کسی انتخابی حلقے میں دلتوں، پسماندہ طبقات اور مسلمانوں کی آبادی 30 لاکھ تک بھی پہنچ جائے تو بی جے پی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ اس کے حامیوں کی آبادی محض 5 لاکھ ہوگی اور وہ آسانی سے وہاں سے کامیاب ہو جائیں گے۔ بی جے پی مخالف ووٹوں کو ایک ہی انتخابی حلقے میں جمع کر دیا جائے گا، چاہے وہاں کی آبادی 20 سے 25 لاکھ تک کیوں نہ پہنچ جائے۔ اس حلقے سے صرف ایک رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگا، جبکہ بی جے پی کے حامیوں کی آبادی پر مشتمل الگ انتخابی حلقہ بنا دیا جائے گا، چاہے اس کی آبادی صرف 5 سے 10 لاکھ ہی کیوں نہ ہو۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ حد بندی کے بعد 35 لاکھ بی جے پی مخالف ووٹروں کے درمیان سے ایک رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگا، جبکہ بی جے پی کے حامی محض 5 لاکھ ووٹروں کی آبادی سے ایک رکن پارلیمنٹ منتخب کروا لیں گے۔ ہنگری میں بھی یہی صورت حال پیدا ہوئی تھی اور بڑی مشکل سے 25 سال بعد اس شخص کو شکست ہوئی۔ اس لیے اپوزیشن جماعتوں کو اس معاملے میں ضرورت سے زیادہ خوش فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ ہمیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ ڈی ایم کے بی جے پی کی حمایت میں آ رہی ہے۔ اس کا سیدھا مطلب یہ ہے کہ ڈی ایم کے اپنے ہی پا¶ں پر کلہاڑی مارنے جا رہی ہے۔ اگر ڈی ایم کے نے اس بل کی حمایت کی تو تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ پوری بی جے پی جھوٹ بول رہی ہے کہ خواتین کے ریزرویشن بل کو نافذ کرنا ضروری ہے۔ خواتین کے ریزرویشن کا بل تو 2023 میں ہی تمام سیاسی جماعتوں نے مل کر منظور کیا تھا۔ اگر نریندر مودی چاہیں تو کل سے ہی پورے ملک میں خواتین کے ریزرویشن کا قانون نافذ کیا جا سکتا ہے۔ مودی حکومت کو لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 33 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص کر دینی چاہئیں۔ اسی طرح تمام ریاستی اسمبلیوں میں بھی خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دیا جانا چاہیے۔ آخر بی جے پی کو کس نے روکا ہے؟ سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کی حمایت میں سامنے آنے والی اپوزیشن جماعتوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ یہ جماعتیں غلطی سے ایک بہت بڑا گناہ کرنے جا رہی ہیں اور بی جے پی جتا¶ بل پر اپنی مہر لگانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ انتخابی حلقوں کے تعین کے معاملے میں بی جے پی ملک کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کرے گی۔ وہ بی جے پی مخالف ووٹوں کو ایک جگہ اور اپنے حامی ووٹوں کو دوسری جگہ یکجا کر دے گی، جس کے نتیجے میں کم آبادی کے باوجود بی جے پی اپنا ایک رکن پارلیمنٹ منتخب کروا لے گی۔ عام آدمی پارٹی اس بل کی مخالفت کرتی ہے اور ہم پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پوری قوت کے ساتھ اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Md Owais Owais