
۔تنگی پاڑہ میں بی جی بی کی ٹیم پر حملے کے معاملے میں 5008 افراد کے خلاف مقدمہ، چھاتر لیگ کے ضلع صدر نیوٹن ملا مرکزی ملزم
ڈھاکہ، 27 نومبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں موبائل بینکنگ خدمات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس دوران بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) نے ضلع کے تنگی پاڑہ علاقے میں اپنی گشتی ٹیم پر ہونے والے حملے کے سلسلے میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ اس حملے میں سرکاری گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی تھی۔ حملہ آوروں نے گولہ بارود کو تباہ کرنے کے علاوہ دیگر آلات بھی لوٹ لیے تھے۔ ایف آئی آر میں مجموعی طور پر 5008 افراد کو ملزم بنایا گیا ہے، جن میں سات افراد نامزد ہیں۔ مقدمے میں شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ سے وابستہ طلبہ تنظیم چھاتر لیگ کے ضلع صدر نیوٹن ملا کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹوں کے مطابق حکام نے آج صبح بتایا کہ گوپال گنج میں گزشتہ نو دن سے ٹرینوں کی آمدورفت بند ہے۔ اب بدھ کی رات سے ضلع میں موبائل بینکنگ خدمات بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ بنگلہ دیش بینک کے مطابق ضلع میں مشتبہ مالی لین دین کی اطلاعات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ موبائل خدمات فراہم کرنے والی دو کمپنیوں کے عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت کی ہدایت ملنے کے بعد ہی یہ خدمات بند کی گئی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ حال ہی میں ڈھاکہ اور کئی دوسرے اضلاع سے بڑی مقدار میں رقم گوپال گنج منتقل کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے صرف اس ضلع میں موبائل بینکنگ خدمات عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے حکام نے خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گرفتاری سے بچنے کے لیے مختلف اضلاع کے لوگ گوپال گنج آکر چھپ گئے ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی ملی تھیں کہ ان کے موبائل بینکنگ کھاتوں میں رقم منتقل کی جا رہی ہے۔
وزارت ریلوے اور وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حکومت فی الحال ٹرین سروس بحال کرنے پر غور نہیں کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صورت حال معمول پر آنے کے بعد ہی اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ ملک بھر کی ضلع کونسلوں، ذیلی ضلع کونسلوں، میونسپلٹیوں اور یونین کونسلوں کو دی جانے والی مالی امداد کی تیسری قسط بھی فی الحال گوپال گنج کے لیے جاری نہیں کی جائے گی۔ ان اداروں کو عام طور پر چار قسطوں میں مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ گوپال گنج کے لیے جنوری سے مارچ تک کی قسط جاری کرنے پر روک لگا دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی درج کردہ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں گوپال گنج ضلع چھاتر لیگ کے جنرل سکریٹری عطاءالر حمان پیال، تنگی پاڑہ ذیلی ضلع چھاتر لیگ کے سابق جنرل سکریٹری بابل حسین کھوکھون، موجودہ ذیلی ضلع صدر شمس الحق، نائب صدر ریپن شیخ اور مشترکہ جنرل سکریٹری شاہین بسواس عرف کالو بھی شامل ہیں۔ یہ مقدمہ 23 نومبر کو تنگی پاڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ بی جی بی کے کھلنا سیکٹر ہیڈکوارٹر میں تعینات نائب صوبیدار محمد شوکت علی نے شکایت درج کرائی تھی۔
دریں اثنا، ڈھاکہ کی ایک عدالت نے آج شیخ حسینہ کے سابق ڈپٹی پریس سکریٹری کے ایم سخاوت مون اور دو دیگر افراد کو انسداد دہشت گردی کے ایک مقدمے میں جیل بھیج دیا۔ ایڈیشنل سرکاری وکیل محمد شمس الضحیٰ سمن نے بتایا کہ تینوں کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار ہونے والے دیگر دو افراد میں مداری پور کے سابق ڈپٹی کمشنر محمد الیاس حسین اور ٹیکس وکیل صوفی محمد المامون شامل ہیں۔ ان پر حکومت کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگانے کا الزام ہے۔
بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے ہیڈکوارٹر کی جانب سے آج جاری کردہ بیان کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ملک کے چھ اضلاع میں بی جی بی کی 113 پلاٹون تعینات کی گئی ہیں۔ ان میں ضلع ڈھاکہ کے ساور اور اشولیا میں 18، نارائن گنج میں 7، غازی پور میں 18، گوپال گنج میں 56، چٹگرام میں 3 اور کاکس بازار میں 7 پلاٹون شامل ہیں۔ ضرورت پڑنے پر مزید چار پلاٹون کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے۔ بی جی بی کے اہلکار وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تال میل قائم کرکے کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش چھاتر لیگ، ملک کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کی طلبہ تنظیم ہے۔ اس کی بنیاد شیخ مجیب الرحمٰن نے 4 جنوری 1948 کو ڈھاکہ یونیورسٹی میں رکھی تھی۔ ابتدا میں اسے ایسٹ پاکستان مسلم اسٹوڈنٹس لیگ اور بعد میں ایسٹ پاکستان اسٹوڈنٹس لیگ کے نام سے جانا جاتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد