
تل ابیب،26نومبر(ہ س)۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران اسرائیلی فوج نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے لیے امریکی حمایت کو لازمی قرار دینے سے انکار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان افی ڈیفرین نے کہا ہے کہ اسرائیل ضرورت پڑنے پر امریکا کی فوجی حمایت کے بغیر بھی ایران پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور فوج کسی بھی وقت کارروائی کے لیے تیار ہے۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں افی ڈیفرین نے کہا کہ اسرائیلی فوج خطے کی صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اسے پوری قوت کے ساتھ کسی بھی وقت کارروائی کے لیے تیار رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس معاملے میں امریکی حمایت نہ ملنے کے باوجود اسرائیل اپنے طور پر فوجی کارروائی کر سکتا ہے۔ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگ کے حوالے سے سوال پر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فوج کی ہدایات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل کو تباہ کرنے کا ایران کا ارادہ ختم نہیں ہوا اور تہران اب بھی اس مقصد کے لیے سرگرم ہے۔
دوسری جانب ایران کے خلاف ممکنہ نئے فوجی حملوں کے پیشِ نظر اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اجلاس جمعرات کی شام منعقد ہونا ہے، جس میں ایران سے متعلق تازہ صورتِ حال اور ممکنہ فوجی کارروائی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اسرائیل اور امریکا ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تاہم دونوں ممالک کی جانب سے کسی نئے حملے کے حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔رپورٹوں میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ ایران اسرائیل کے خلاف اچانک حملہ کر سکتا ہے۔ اسی تناظر میں اسرائیلی قیادت سیکیورٹی صورتِ حال، فوجی تیاریوں اور ممکنہ جوابی کارروائی کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔اسرائیلی فوجی ترجمان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی حکمتِ عملی، سفارتی رابطوں اور ممکنہ فوجی کارروائیوں کے حوالے سے خطے میں غیر یقینی صورتِ حال برقرار ہے۔ اسرائیل کی جانب سے امریکی حمایت کے بغیر کارروائی کی تیاری کا اظہار اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تل ابیب ایران کے معاملے میں اپنے فوجی اختیارات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan