
کاٹھمنڈو، 26 نومبر(ہ س)۔ نیپال کی راجدھانی کاٹھمنڈو کے معروف سیاحتی علاقے ٹھمیل میں واقع ایک ہوٹل سے پولیس نے بھاری مقدار میں نقد رقم اور غیر ملکی کرنسی برآمد کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افراد میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 50 لاکھ 50 ہزار نیپالی روپے کے علاوہ عمانی اور متحدہ عرب امارات کی کرنسی بھی ضبط کی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں کی شناخت چتوان کی رہنے والی 20 سالہ سنیہا ریما اور مالدیپ کے شہری یوتھت ابراہیم کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کو ٹھمیل کے اسنولائن ہوٹل سے حراست میں لیا گیا۔
ضلع پولیس کمپلیکس کھٹمنڈو کے ایس پی دان بہادر تھاپا نے بتایا کہ کارروائی کے دوران دونوں کے پاس سے 50 لاکھ 50 ہزار نیپالی روپے، 4,215 عمانی ریال اور 55 اماراتی درہم برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے برآمد شدہ رقم اور غیر ملکی کرنسی کے ذرائع کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں گرفتار افراد کی سرگرمیوں اور اتنی بڑی مقدار میں نقد رقم رکھنے کے مقصد کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال اس معاملے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی برآمد شدہ رقم کے اصل ذرائع اور اس معاملے سے جڑے دیگر پہلوؤں کا انکشاف ہوسکے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan