سرکاری اسکیموں کی معلومات اب 22 سے زائد زبانوں میں ملیں گی، سماجی انصاف کی وزارت اور بھاشنی کے درمیان معاہدہ
نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے سرکاری اسکیموں اور خدمات کو ملک کے ہر شہری تک اس کی اپنی زبان میں پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس کے تحت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور سماجی انصاف و تف
سرکاری اسکیموں کی معلومات اب 22 سے زائد زبانوں میں ملیں گی، سماجی انصاف کی وزارت اور بھاشنی کے درمیان معاہدہ


نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے سرکاری اسکیموں اور خدمات کو ملک کے ہر شہری تک اس کی اپنی زبان میں پہنچانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ اس کے تحت الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور سماجی انصاف و تفویض اختیارات کی وزارت کے درمیان ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے سماجی انصاف کی وزارت کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بھاشنی کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی زبان کی ٹیکنالوجی کو شامل کیا جائے گا۔ اس سے شہریوں اور مستفیدین کو 22 سے زائد زبانوں میں سرکاری اسکیموں اور خدمات کی معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

اس معاہدے کا بنیادی مقصد زبان کی رکاوٹ کو دور کرنا اور سرکاری خدمات کو زیادہ جامع اور قابل رسائی بنانا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار، وزیر مملکت بی ایل ورما، محکمہ کے سکریٹری سدھانش پنت اور ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے چیف ایگزیکٹیو افسر امیتابھ ناگ سمیت کئی سینئر افسران موجود تھے۔

اس شراکت داری کے تحت بھاشنی کی زبان سے متعلق ٹیکنالوجی کو وزارت کے مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’سمویش‘ (سنگل ایکسس میکانزم فار آل ورٹیکلز آف امپاورمنٹ اینڈ سوشل ہارمنی) سے جوڑا جائے گا۔ اس پورٹل کا مقصد وزارت کی مختلف اسکیموں، خدمات اور اداروں سے متعلق معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنا ہے۔ اب لوگ اپنی پسند کی زبان میں معلومات حاصل کرنے کے ساتھ دستاویزات کا خلاصہ بھی دیکھ سکیں گے۔

اس کے علاوہ پلیٹ فارم پر موجود اے آئی پر مبنی چیٹ بوٹ ’سماجک سہایک‘ کو بھی بھاشنی کی ٹیکنالوجی سے مزید بہتر بنایا جائے گا۔ یہ چیٹ بوٹ 22 سے زائد زبانوں میں سرکاری اسکیموں اور خدمات سے متعلق معلومات اور رہنمائی فراہم کرے گا۔

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن کے سی ای او امیتابھ ناگ نے کہا کہ ان کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ سرکاری معلومات اور خدمات تک رسائی میں زبان کبھی رکاوٹ نہ بنے۔ بھاشنی متن، آواز اور ویڈیو کے ترجمے کے ذریعے کثیر لسانی اے آئی ٹیکنالوجی کو فروغ دے رہا ہے۔ قبائلی اور کم وسائل والی زبانوں، مثلاً بھیلی اور میزو کو بھی ڈیجیٹل نظام سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حکومت کے مطابق، بھاشنی اب تک 800 سے زائد سرکاری ویب سائٹس کو زبان کی ٹیکنالوجی سے جوڑ چکا ہے۔ اس کے ذریعے 11 ارب سے زیادہ اے آئی انفرنس کیے جاچکے ہیں، جبکہ روزانہ 2.4 کروڑ سے زائد انفرنس پروسیس کیے جارہے ہیں۔ یہ 36 ہندوستانی تحریری زبانوں، 23 ہندوستانی صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے مختلف زبانیں بولنے والے شہریوں کو سرکاری اسکیموں اور خدمات تک رسائی میں آسانی ہوگی اور ڈیجیٹل سہولیات کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande