
ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، 26 نومبر (ہ س)۔ ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس (ڈی ایم پی) کے خفیہ شعبے نے دو پولیس افسروں کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں 25ویں بیچ کے افسر محمد ابوالکلام آزاد اور 33ویں بیچ کے محمد رقیب الحسن شامل ہیں۔
ڈی ایم پی کے ایڈیشنل کمشنر (خفیہ) شفیق الاسلام نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل نے ابوالکلام آزاد کی گرفتاری کی درخواست بھیجی تھی۔ پرتھم آلو، ڈھاکہ ٹریبیون اور دی ڈیلی اسٹار کی رپورٹوں کے مطابق اسلام نے رقیب الحسن کی گرفتاری کی وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابوالحسن پر گوپال گنج میں حالیہ تشدد میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ وہ اسپیشل رسپانس بٹالین-14 کی بھیرَب کمپنی میں کمپنی کمانڈر کے طور پر تعینات تھے۔ ان کا آبائی گھر گوپال گنج کے مقصودپور سب ضلع کے گووندپور میں ہے۔ رقیب الحسن بھی گوپال گنج کے رہنے والے ہیں۔
اس دوران بھارت میں مقیم معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے ارادے کے اعلان اور عوامی لیگ کی ہڑتال کے دوران تشدد کے خدشے کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرونی معلومات افشا کرنے اور حالیہ توڑ پھوڑ کے واقعات میں مبینہ ملی بھگت کے سلسلے میں کچھ مزید پولیس افسروں کے نام سامنے آئے ہیں۔
اس کے پیش نظر حکومت نے بدھ کو سات اضلاع میں نئے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس تعینات کیے۔ ان میں سے پانچ اضلاع بین الاقوامی سرحدوں سے متصل ہیں۔ اس سے قبل گوپال گنج سمیت ڈھاکہ رینج کے 13 اضلاع میں امن و امان کی صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدے کے 12 افسروں کو دو ماہ کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف یونٹوں میں نئی قیادت لاکر زمینی سطح پر پولیس فورس کی تنظیم نو کی جا رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ گرفتار دونوں پولیس افسر جولائی 2024 کی عوامی بغاوت سے پہلے ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولیس میں تعینات تھے۔ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں پولیس فورس کے اندر نگرانی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض افسر ”فاشسٹ طاقتوں“ سے وابستہ ہیں۔ حکومت ان پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حالیہ تشدد کے سلسلے میں عوامی لیگ کے مفرور رہنماوں اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک موجود بعض پولیس اہلکاروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ یہ الزامات بھی ہیں کہ بیرون ملک فرار ہونے والے بعض افسر ملک میں تعینات پولیس افسروں کو عوامی لیگ کے رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کرنے پر فون کرکے دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی