سماج وادی پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا، پرانی پنشن کی بحالی، بے روزگاروں کو پانچ ہزار روپے ماہانہ بھتہ اور کسانوں کی قرض معافی کا وعدہ
لکھنو، 26 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اپنے انتخابی منشور میں نوجوانوں، کسانوں، ملازمین اور خواتین سے متعلق مسائل کو اہمیت دی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعرات کو یومِ
اکھلیش یادو


لکھنو، 26 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات 2027 کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے اپنے انتخابی منشور میں نوجوانوں، کسانوں، ملازمین اور خواتین سے متعلق مسائل کو اہمیت دی ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے جمعرات کو یومِ آئین کے موقع پر انتخابی منشور ’ستائیس کا سنکلپ‘ جاری کرتے ہوئے پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، بے روزگار نوجوانوں کو ہر ماہ پانچ ہزار روپے بھتہ، کسانوں کی قرض معافی اور شہری علاقوں میں 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا وعدہ کیا۔ منشور میں روزگار، سماجی تحفظ، زراعت، صحت اور امن و امان سے متعلق کئی اہم تجاویز شامل ہیں۔

ملازمین کو متوجہ کرنے کے لیے ایس پی نے پرانی پنشن اسکیم بحال کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ نوجوانوں کے لیے پانچ برسوں میں 25 لاکھ سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے اور دو سے تین کروڑ نوجوانوں کو دیگر شعبوں میں روزگار دلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ بارہویں جماعت پاس طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے اور پانچ روپے میں کھانا فراہم کرنے کے لیے سماج وادی کینٹین شروع کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

اکھلیش یادو نے منشور میں زرعی شعبے کے لیے کسانوں کی قرض معافی، 23 فصلوں اور دودھ کے لیے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی ضمانت اور گنا کسانوں کو 24 گھنٹوں کے اندر ادائیگی یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔ معمر خواتین کو سالانہ 40 ہزار روپے پنشن دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

امن و امان اور زمین سے متعلق تنازعات پر سخت موقف اختیار کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت بننے پر غنڈہ گردی، مافیا کے جرائم، غیر قانونی وصولی، دھمکیوں اور خواتین کے خلاف جرائم کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ زمینوں پر غیر قانونی قبضے روکنے کے لیے ایک الگ اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ فورس بالخصوص غریبوں، دلتوں اور اقلیتوں کی زمینوں کو قبضے سے بچانے کے لیے کام کرے گی۔ اکھلیش نے کہا کہ مجرم کسی بھی ذات، مذہب یا سیاسی جماعت سے تعلق رکھتا ہو، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے تحت تحصیل کی سطح تک چار لین والی سڑکوں کا رابطہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ صحت کے شعبے میں غریبوں اور پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) طبقے کے لوگوں کو مفت علاج، ادویات، کھانا اور رہائش کی سہولت دینے کی بات کہی گئی ہے۔ لکھنو کے کینسر انسٹی ٹیوٹ کو پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے، وہاں تحقیقی سرگرمیاں شروع کرنے اور غریب مریضوں کا مفت علاج یقینی بنانے کی تجویز بھی منشور میں شامل ہے۔

اس موقع پر اعظم خان، قومی جنرل سکریٹری شیوپال سنگھ یادو، ریاستی صدر شیام لال پال اور رکن پارلیمان ڈمپل یادو سمیت پارٹی کے رہنما اور کارکن موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande