ایران کی بحری ناکہ بندی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہے، کوئی ایرانی جہاز اسے توڑ نہیں سکا: ٹرمپ
واشنگٹن،25نومبر(ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کو تاریخ کی سب سے بڑی ناکہ بندی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک کوئی ایرانی جہاز اس حصار کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کی می
ایران کی بحری ناکہ بندی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہے، کوئی ایرانی جہاز اسے توڑ نہیں سکا: ٹرمپ


واشنگٹن،25نومبر(ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کو تاریخ کی سب سے بڑی ناکہ بندی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک کوئی ایرانی جہاز اس حصار کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کی میزائل داغنے کی صلاحیت بھی محدود ہو کر رہ گئی ہے اور امریکہ جب چاہے جنگ ختم کر سکتا ہے۔وائٹ ہاؤس میں منگل کو یومِ تشکر کی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ اپریل میں بحری ناکہ بندی نافذ ہونے کے بعد سے کسی ایرانی جہاز نے اسے عبور نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے راستے جنگ سے پہلے کے مقابلے میں اب زیادہ مقدار میں تیل منتقل کیا جا رہا ہے۔

ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے اخراجات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے لیے آئندہ جنوری تک فنڈز دستیاب ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کی مخالفت جنگ کو مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنے کا سبب نہیں بنے گی۔

بعد ازاں نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ جیت چکا ہے اور وہ جب چاہے فوجی کارروائی روک سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔ایران میں حکومت کی تبدیلی کے معاملے پر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل کا یہ ہدف قابلِ حصول ہو سکتا ہے، لیکن یہ ان کا ذاتی مقصد نہیں ہے۔ ان کے بقول ان کی بنیادی تشویش یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی تبدیلی ان کے نزدیک جنگ کا کوئی لازمی معیار نہیں ہے۔ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ 1979 میں شروع ہوئی تھی اور وہ واحد امریکی صدر ہیں جنہوں نے اس جنگ میں حصہ لیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں ایک بار پھر کہا ہے کہ ایران امریکی بحری ناکہ بندی توڑنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کی جانب سے کسی بھی نئے حملے کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرانے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان ایسا معاہدہ کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے ذریعے جاری تنازع کو ختم کیا جا سکے۔ایران کے چیف مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے بھی امریکی فریق کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنے ملک کی سات شرائط پر قائم رہنے کا اعادہ کیا ہے۔ٹرمپ اس سے قبل ایران کی ترمیم شدہ تجویز کو ناقابلِ قبول قرار دے چکے ہیں۔ اس تجویز میں آبنائے ہرمز کو دو دن کے اندر کھولنے کے بدلے سات مطالبات پیش کیے گئے تھے۔ ان میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ، ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی ختم کرنا، بیرونِ ملک منجمد ایرانی اثاثوں پر عائد پابندیاں ہٹانا اور ایران کے اطراف تعینات امریکی فوجیوں کا انخلا شامل تھا۔

امریکی صدر نے خبردار کیا ہے کہ اگر معاہدہ طے نہیں پایا تو وہ 2027 کے آغاز کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں۔ گزشتہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ تہران جنگ ختم کرنے کےلئے معاہدہ چاہتا ہے، لیکن امریکہ کسی عارضی یا دکھاوے کے سمجھوتے کے بجائے حقیقی معاہدہ چاہتا ہے۔مجموعی طور پر دونوں ملکوں کے درمیان بیانات کی تلخی، بحری ناکہ بندی اور فوجی کارروائیوں کی دھمکیوں نے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سلامتی کو لاحق خطرات نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande