امریکی بحری ناکہ بندی سے پریشان نہیں ایران، بنیادی اشیا کے ذخائر اطمینان بخش ہیں: نائب صدر اول
تہران،25نومبر(ہ س)۔ ایران کے نائب صدر اول محمد رضا عارف نے امریکی بحری ناکہ بندی کے اثرات کو کم تر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران کو اس سے کوئی تشویش نہیں ہے۔ ان کے مطابق ملک میں بنیادی اور اہم اشیا کے ذخائر تسلی بخش ہیں اور بازاروں میں اشیا
امریکی بحری ناکہ بندی سے پریشان نہیں ایران، بنیادی اشیا کے ذخائر اطمینان بخش ہیں: نائب صدر اول


تہران،25نومبر(ہ س)۔ ایران کے نائب صدر اول محمد رضا عارف نے امریکی بحری ناکہ بندی کے اثرات کو کم تر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران کو اس سے کوئی تشویش نہیں ہے۔ ان کے مطابق ملک میں بنیادی اور اہم اشیا کے ذخائر تسلی بخش ہیں اور بازاروں میں اشیا کی فراہمی بھی مناسب ہے۔ تاہم دوسری جانب ایرانی معیشت شدید دباؤ کا سامنا کر رہی ہے، تیل کی برآمدات متاثر ہوئی ہیں اور ایرانی کرنسی کی قدر میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق محمد رضا عارف نے بدھ کے روز کہا کہ امریکی بحری ناکہ بندی ایران کے لیے باعثِ تشویش نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کی جنوبی سرحدوں کے علاوہ دیگر سرحدی راستوں سے بنیادی اشیا کی درآمد، ان لوڈنگ اور کسٹم کلیئرنس میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے بقول یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ ایران ناکہ بندی کے دباؤ سے متاثر نہیں ہو رہا۔مارکیٹ ریگولیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر اول نے کہا کہ ملک میں بنیادی اور اسٹریٹجک اشیا کے ذخائر اچھی حالت میں ہیں اور بازاروں میں رسد کی کوئی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے ایسا نظام تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو کم از کم تین ماہ تک بنیادی اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو روک سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں پر قابو پانا اور بازاروں میں استحکام برقرار رکھنا ضروری ہے۔

عارف کے یہ دعوے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایرانی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ گزشتہ منگل کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں ایرانی کرنسی کی قیمت گر کر 2 لاکھ 79 ہزار تومان فی ڈالر تک پہنچ گئی۔ اسے ملک کی معاشی مشکلات اور امریکی پابندیوں و بحری ناکہ بندی کے باعث تیل سے ہونے والی آمدنی میں کمی کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ایران کے صدر مسعود پزشکیان بھی ماضی میں ملک کے معاشی بحران کا اعتراف کر چکے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے شہریوں سے توانائی کے استعمال میں کفایت شعاری اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ صرف فوجی محاذ پر نہیں لڑی جا رہی، بلکہ معیشت بھی اس کا ایک اہم محاذ ہے۔

ایرانی معیشت پہلے ہی مسلسل بلند افراطِ زر اور مالی عدم توازن کا شکار ہے۔ اس صورت حال نے عام شہریوں کی قوتِ خرید، کاروباری سرگرمیوں اور پیداواری شعبوں کو متاثر کیا ہے۔ امریکی بحری ناکہ بندی اور مغربی پابندیوں کے باعث تیل کی برآمدات میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں، جبکہ مالی لین دین کی لاگت بڑھنے اور بیرونِ ملک سے حاصل ہونے والی آمدنی کی واپسی میں مشکلات نے بھی معیشت پر دباؤ بڑھایا ہے۔ اس کے نتیجے میں ملکی بازاروں میں غیر ملکی کرنسی کی دستیابی متاثر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی غیر ملکی آمدنی کا بڑا حصہ تیل، پیٹرولیم مصنوعات اور پیٹروکیمیکل مصنوعات کی برآمدات سے حاصل ہوتا ہے۔ بحری ناکہ بندی اور مغربی پابندیوں نے مل کر ان برآمدات کو متاثر کیا ہے، جس سے غیر ملکی زرمبادلہ کی آمد میں مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔اس معاشی دباؤ میں مزید اضافے کا سبب امریکی وزارتِ خزانہ کی جانب سے 24 اگست 2026 کو شروع کی گئی ’’معاشی اخراج‘‘ مہم کو بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ توانائی کی برآمدات کے راستوں میں بحری ناکہ بندی سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے ایران کی معیشت کے لیے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande