
کاٹھمنڈو، 25 نومبر (ہ س): نیپال کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سونے جیسی دکھائی دینے والی زرد رنگ کی نیم ٹھوس دھات کے ساتھ دو چینی خواتین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ مادے کا مجموعی وزن 2 کلو 348 گرام بتایا گیا ہے۔ دونوں خواتین اسے اپنے جسم کے اندرونی حصے اور زیرجاموں میں چھپا کر ہانگ کانگ سے کاٹھمنڈو لائی تھیں۔
تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سکیورٹی دفتر کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، دونوں خواتین کو کسٹم کا علاقہ عبور کرکے ہوائی اڈے سے باہر نکلتے وقت مشکوک سرگرمیوں کی بنیاد پر تلاشی کے لیے روکا گیا۔
پولیس کے مطابق، دونوں خواتین منگل کی رات تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر کیتھے پیسفک ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے ہانگ کانگ سے کھٹمنڈو پہنچی تھیں۔ ان کی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں جانچ کے لیے روک لیا۔
تلاشی کے دوران ان کے مخصوص اعضااور زیرجاموں کے اندر پلاسٹک میں لپیٹ کر چھپائے گئے زرد رنگ کے سونے جیسے دکھائی دینے والے نیم ٹھوس مادے کے آٹھ گول ٹکڑے برآمد ہوئے۔ پلاسٹک کی پیکنگ سمیت ان کا مجموعی وزن 2 کلو 348 گرام پایا گیا۔
گرفتار خواتین کی شناخت چین کے صوبہ گوانگ ڈونگ کی رہائشی 45 سالہ لن لینا اور 35 سالہ لن جن پنگ کے طور پر ہوئی ہے۔
تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے سکیورٹی دفتر کے نائب ترجمان اور اطلاعاتی افسر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈھنڈیرج نیوپانے کے مطابق، دونوں خواتین کو حراست میں لے کر ضروری تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں منگل ہی کے روز تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کسٹم دفتر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
تاہم، پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اس زرد رنگ کے نیم ٹھوس مادے کی اصل نوعیت اور اس میں سونے کی مقدار کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ