
نئی دہلی، 25 نومبر (ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے چنئی کے قریب واقع کامراجر بندرگاہ (اینور پورٹ) پر دوسرے کنٹینر ٹرمینل کی تعمیر کو منظوری دے دی ہے۔ عوامی و نجی شراکت داری (پی پی پی) کے تحت ڈیزائن، تعمیر، مالی انتظام، آپریشن اور منتقلی (ڈی بی ایف او ٹی) کی بنیاد پر تیار ہونے والے اس منصوبے پر تقریباً 4,288.26 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
اس ٹرمینل کی سالانہ کنٹینر ہینڈلنگ صلاحیت 20 لاکھ ٹی ای یو ہوگی۔ اس کے لیے 900 میٹر طویل برتھ اور 18 میٹر گہرا آبی راستہ تیار کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ دو مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ یہاں 24 ہزار سے زیادہ ٹی ای یو گنجائش والے بڑے کنٹینر جہازوں کو بھی سنبھالنے کی سہولت ہوگی۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے بدھ کے روز کابینہ کے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ کامراجر بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی تعمیر کے وسیع امکانات ہیں۔ اس بندرگاہ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں اندرونی نقل و حمل کا نظام کافی بہتر ہے اور ریلوے کے ذریعے براہِ راست رابطے کی سہولت بھی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کنٹینر ٹریفک تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ چھ سال پہلے ملک میں کنٹینر ٹریفک تقریباً 1.7 کروڑ ٹی ای یو تھی۔ ٹی ای یو (ٹوئنٹی فٹ ایکویولنٹ یونٹ) کنٹینر ٹریفک کی پیمائش کی اکائی ہے۔ اس میں 20 فٹ کے ایک کنٹینر کو ایک ٹی ای یو اور 40 فٹ کے کنٹینر کو دو ٹی ای یو شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر ٹریفک میں اضافے کو دیکھتے ہوئے کامراجر بندرگاہ پر دوسرا ٹرمینل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بندرگاہ کا علاقائی بازار وسیع ہے اور یہاں مال برداری کے بڑے امکانات موجود ہیں۔ چنئی، سری پیرمبدور اور گمّڈی پو±نڈی سمیت الیکٹرانک مصنوعات کی تیاری کے اہم مراکز کو اس بندرگاہ کے ذریعے بہتر نقل و حمل کی سہولت ملے گی۔ ان علاقوں میں بڑی تعداد میں الیکٹرانک آلات اور ان کے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔
ویشنو نے کہا کہ نئے کنٹینر ٹرمینل سے صنعتی سرگرمیوں کو بڑا فروغ ملے گا اور ’میک اِن انڈیا‘ پروگرام کو بھی اہم مدد حاصل ہوگی۔ اس سے برآمدات اور درآمدات (ایگزم) کے کاروبار کے لیے مال برداری کا نظام مضبوط ہوگا اور علاقائی صنعتوں کو اپنی مصنوعات کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔
اس منصوبے کا ایک اہم مقصد ملک کے مشرقی ساحل پر کنٹینر ہینڈلنگ کی صلاحیت بڑھانا اور بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ مراکز پر ہندوستان کا انحصار کم کرنا ہے۔ اس سے ہندوستانی بندرگاہوں کے ذریعے بین الاقوامی تجارت کو فروغ ملے گا اور مال کی نقل و حمل کے اخراجات اور وقت میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
کامراجر بندرگاہ چنئی بندرگاہ کے جنوب میں واقع ہے اور ملک کی اہم بندرگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔ اس بندرگاہ پر پہلے سے ہی 18 میٹر گہرے آبی راستے کی سہولت موجود ہے۔ جولائی 2026 میں بندرگاہ پر گہری کھدائی (ڈریجنگ) کے چھٹے مرحلے کا کام مکمل ہونے کے بعد یہ 1.70 لاکھ ڈیڈ ویٹ ٹن تک کے مال بردار جہازوں کو سنبھالنے کے قابل ہوگئی ہے۔
نئے کنٹینر ٹرمینل کی تعمیر سے بندرگاہ کی صلاحیت اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ تمل ناڈو کے صنعتی علاقوں کو عالمی سپلائی چین سے جوڑنے اور ملک کی سمندری تجارت کو رفتار دینے میں بھی مدد ملے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی