
حیدرآباد،25 نومبر(ہ س)۔ تلنگانہ حکومت ریاست کی ایک کروڑخواتین میں ’اندرا اماں ساڑیاں‘ تقسیم کرنے وسیع انتظامات کررہی ہے۔’اندرا مہیلا شکتی‘ پروگرام کے حصہ کے طورپراس فلاحی پروگرام کا باضابطہ آغازوزیراعلی ریونت ریڈی 26 نومبرکوناگرکرنول ضلع کے اچم پیٹ میں کریں گے۔ حکومت سے خواتین کو تحفے کے طورپرساڑیاں فراہم کرنے کا یہ دوسرا مرحلہ ہے۔اس مرتبہ حکومت نے دیہی اور شہری دونوں علاقوں کی مستحق خواتین تک پہنچنے ایک کروڑ ساڑیوں کی تقسیم کا ہدف مقرر کیاہے،جس کے تحت دیہی علاقوں میں 65 لاکھ اور شہری علاقوں میں 35 لاکھ خواتین کو ساڑیاں فراہم کی جائیں گی۔خواتین کے ذوق اورپسند کو مدنظر رکھتے ہوئے ان ساڑیوں کو نہایت پرکشش فیروزی رنگ میں ڈیزائن کیا گیا۔روایتی اندازوجدید ڈیزائن کے امتزاج کے ساتھ یہ ساڑیاں دو مختلف اقسام میں تیارکی گئی ہیں،جن سے مقامی بنکروں کوروزگار کے مواقع حاصل ہوئے۔جملہ ایک کروڑساڑیوں میں سے 95 لاکھ پالیسٹر ساڑیاں جبکہ 5 لاکھ پولی کاٹن ساڑیاں ہیں۔حکومت نے واضح کیاکہ راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں میں 18 سال کی عمرمکمل کرنے والی تمام خواتین اسکیم سے استفادہ کی اہل ہوں گی ۔اہل خواتین اپنا آدھارکارڈ اورراشن کارڈ دکھا کریہ ساڑیاں حاصل کرسکیں گی،جبکہ تقسیم کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھنے مستحقین کی تفصیلات خصوصی موبائل ایپ کے ذریعہ درج کی جائیں گی۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمدعبدالخالق