
نئی دہلی، 25 نومبر (ہ س)۔ مرکزی حکومت نے تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے کے آلات کی تیاری کے شعبے میں خود انحصاری اور عالمی سطح پر مسابقت کو فروغ دینے کے لیے 11 ہزار کروڑ روپے کی ترغیبی اسکیم متعارف کرائی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز مرکزی کابینہ نے تعمیراتی و بنیادی ڈھانچے کے آلات (سی آئی ای) کی تیاری کے نظام کو فروغ دینے سے متعلق اسکیم کو منظوری دے دی۔ کابینہ کے فیصلوں کی اطلاع مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے قومی میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد سی آئی ای اور اس کے پرزوں کی ملک میں تیاری کو فروغ دینا ہے۔ یہ اسکیم 8 سال یعنی مالی سال 2026تا2027 سے 2033تا2034 تک تک جاری رہے گی۔ اسکیم کے دو حصے ہیں۔ پہلا حصہ فروخت کی بنیاد پر ترغیبی رقم فراہم کرنے سے متعلق ہے، جبکہ دوسرا حصہ آلات کی جانچ کے لیے سہولت قائم کرنے سے متعلق ہے۔
فروخت کی بنیاد پر ترغیب کے تحت اہل اصل سازوسامان تیار کرنے والی کمپنیوں (او ای ایم) اور پرزے بنانے والی کمپنیوں کو پانچ سال کے دوران ہونے والی اضافی فروخت پر 8 سے 13 فیصد تک مرحلہ وار ترغیبی رقم دی جائے گی۔ وہیں جانچ کی سہولت قائم کرنے کے لیے 375 کروڑ روپے تک کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل سی آئی ای نظام قائم ہونے سے ملک میں تیاری کی صلاحیت مضبوط ہوگی، سپلائی چین کا تحفظ بہتر ہوگا اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ اس کے ساتھ عالمی منڈی میں ہندوستان کی مسابقتی صلاحیت بھی بڑھے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی