
پٹنہ، 25 نومبر(ہ س)۔ محکمہ آبی وسائل کے وزیراورنائب وزیر اعلیٰ وجے کمار چودھری کی صدارت میں بدھ کے روز محکمہ کے آبپاشی بھون واقع کانفرنس ہال میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار کی ندیوں کی تہہ میں گاد جمع ہونے اور ریت کے ٹیلے بننے سے ندیوں کے بہاؤ کی سمت اورنوعیت متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پشتوں، ندیوں کے کناروں کے حساس مقامات اور متعلقہ تعمیرات پر کٹاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاد کہیں مسئلہ ہے تو کہیں مفید بھی ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ریاستی حکومت نے بہار آبی وسائل کی بحالی اور گاد کے انتظام سے متعلق پالیسی 2026 تیار کی ہے۔وجے کمار چودھری نے واضح کیا کہ ندیوں سے کہاں اور کتنی مقدار میں گاد نکالی جانی ہے، اس کا تعین محکمہ آبی وسائل تکنیکی مطالعے کی بنیاد پرکرے گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود مختلف ایجنسیوں سے اس سلسلے میں مؤثر اور عملی تکنیکی حل پیش کرنے کی توقع ظاہر کی اور یقین دلایا کہ ایسے اقدامات میں محکمہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔محکمہ کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے کہا کہ آئندہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تیار کی جانے والی منصوبہ بندی میں ڈریجنگ اور گاد نکالنے کے کام کو منظم طریقے سے شامل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے سروے اور تکنیکی مطالعے کے ذریعے ایسے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی، جہاں ندیوں کی پانی بہانے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے گاد نکالنا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی نکالی گئی گاد کی محفوظ نقل و حمل اور مقررہ مقامات پر سائنسی طریقے سے اس کے تصرف کا انتظام بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ندیوں سے ڈریجنگ کے دوران نکالی جانے والی گاد کی نقل و حمل کے علاوہ مختلف کام کے مقامات تک ضروری مشینری، آلات اور تعمیراتی سامان پہنچانے میں بارج (خصوصی آبی جہاز) کا استعمال اہم ثابت ہوسکتا ہے۔سکریٹری نے بتایا کہ اجلاس کا بنیادی مقصد ڈریجنگ، گاد نکالنے اور سیلاب سے بچاؤ سے متعلق دیگر کاموں کے لیے اہل اور ماہر ایجنسیوں کی شناخت کرکے انہیں فہرست میں شامل کرنا ہے، تاکہ سیلاب کے موسم سے پہلے اور اس دوران ضرورت کے مطابق ان کی خدمات حاصل کی جاسکیں۔ اس سلسلے میں ضروری مشینری اور آلات کی دستیابی، ان کے آپریشن و دیکھ بھال اور ہنگامی حالات میں فوری طور پر کام انجام دینے کی صلاحیت کو اہم بنیاد بنایا جائے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan