
بہار کابینہ کے اجلاس میں 34 اہم تجاویز کو منظوری، پٹنہ میں آبی سپلائی منصوبے کے لیے 1794 کروڑ روپے منظور11 ڈاکٹروں کو سرکاری ملازمت سے برطرف کرنے کا فیصلہ، صنعتی ترقی کے لیے نالندہ، سمستی پور اور شیخ پورہ میں زمین کے حصول کو منظوریپٹنہ، 25 نومبر(ہ س)۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں بدھ کی شام منعقدہ بہار کابینہ کے اجلاس میں مجموعی طور پر 34 اہم تجاویز کو منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کشن گنج ضلع کے ٹھاکر گنج سرکل میں بہار حکومت کی 11.884 ڈسمیل زمین ایس ایس بی کی 19ویں اور 41ویں بٹالین کے واچ ٹاور کی تعمیر کے لیے منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ نالندہ ضلع کے اسلام پور میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے مقصد سے برہگاؤں موضع میں 564.37 ایکڑ زمین کے حصول کے لیے 382.23 کروڑ روپے کی انتظامی اور اخراجاتی منظوری فراہم کی گئی۔مرکزی حکومت کی اسپانسرڈ امرت 2.0 مشن کے تحت پٹنہ آبی سپلائی پروجیکٹ کے لیے 1794.32 کروڑ روپے کی انتظامی منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے سے شہر میں صاف اور بلاتعطل پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ وہیں گرام کچہریوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے ہر گرام کچہری کے انتظامی اخراجات کی سالانہ رقم 4 ہزار روپے سے بڑھا کر یکم اپریل 2027 سے 24 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی ہے۔ اس سے مقامی سطح پر عدالتی نظام کو مضبوطی ملے گی۔سمستی پور ضلع میں صنعتی ترقی کو رفتار دینے کے لیے خان پور سرکل کے تین مواضعات میں مجموعی طور پر 480 ایکڑ زمین کے حصول کے لیے 261.92 کروڑ روپے کی انتظامی اور اخراجاتی منظوری دی گئی۔ اسی طرح شیخ پورہ ضلع کے چیواڑہ سرکل کے تین مواضعات میں 250 ایکڑ زمین کے حصول کے لیے 62.37 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ ان فیصلوں سے تینوں اضلاع میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی امید ہے۔پٹنہ کے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (آئی جی آئی ایم ایس) میں کرٹیکل کیئر میڈیسن شعبہ کے لیے 64 تدریسی اور غیر تدریسی عہدوں کی تشکیل کو منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ بہبود کے تحت بہار درج فہرست ذات و قبائل بہبود افسران کے کیڈر میں 17 نئے عہدے تخلیق کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ میڈیکل کالجوں میں تقرریوں کے لیے بہار میڈیکل فزکسٹ کم ریڈی ایشن سیفٹی آفیسر سروس کیڈر ضابطہ 2026 اور بہار پروستھیٹک و آرتھو ٹکس غیر تدریسی کیڈر ضابطہ 2026 کی تشکیل کو بھی منظوری دی گئی۔ریاست کی معیشت میں بنیادی اصلاحات لانے اور اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے بہار اقتصادی مشاورتی کونسل کے قیام کو منظوری دی گئی۔ مالی سال 2026-27 میں مرکزی اسپانسرڈ پردھان منتری مائیکرو فوڈ انٹرپرائز اسکیم کو یکم اکتوبر 2026 سے 31 مارچ 2027 تک توسیع دیتے ہوئے اس کے لیے 164 کروڑ 51 لاکھ 60 ہزار روپے منظور کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بہار معدنیات ضابطہ 2026 کو بھی منظوری دی گئی۔ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے ریاستی کھیل ایسوسی ایشن گرانٹ رہنما اصول 2026 منظور کیے گئے، جس کے تحت تسلیم شدہ کھیل تنظیموں کو مقابلوں کے انعقاد کے لیے سرکاری مالی امداد فراہم کی جائے گی۔کابینہ کے اجلاس میں محکمہ صحت کے تحت 11 ڈاکٹروں کو سرکاری ملازمت سے برطرف کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا۔ برطرف کیے جانے والے ڈاکٹروں میں ڈاکٹر انامیکا کماری، جنرل میڈیکل آفیسر، صدر اسپتال سہرسہ، ڈاکٹر راکیش کمار نرالا، خصوصی میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر سدھارتھ کمار سمیت، ڈاکٹر گوپی ناتھ بھگت، گائناکالوجی میڈیکل آفیسر، صدر اسپتال بھاگلپور، ڈاکٹر امیت کمار، ڈاکٹر روی رنجن، ڈاکٹر محمد شہنواز کوثر، ڈاکٹر سمیت کمار، ڈاکٹر پرسون دیواکر، ڈاکٹر ریکھا کماری اور ڈاکٹر ارون کمار شامل ہیں۔ ان میں بعض ڈاکٹر بھاگلپور، سوپول، مدھے پورہ اور سہرسہ میں تعینات تھے۔پسماندہ طبقے کے طلبہ کو یو پی ایس سی، بی پی ایس سی اور ریلوے سمیت دیگر مسابقتی امتحانات کی مفت آف لائن تیاری کرانے کے لیے ریاستی حکومت نے 31 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔ محکمہ پسماندہ طبقہ بہبود کے تحت کلیان کلرک کیڈر ضابطہ 2026 کو بھی منظوری دی گئی۔ بہار میں ٹریڈ سینٹر، تجارتی عمارتوں، دفاتر اور رہائشی عمارتوں کی تعمیر و ترقی کے لیے دہلی کی این بی سی سی انڈیا لمیٹڈ کے ساتھ معاہدے کو بہار مالیاتی ترمیمی ضابطہ 2024 کے تحت منظوری دی گئی۔ وہیں پٹنہ کے لودی پور میں اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) ہیڈکوارٹر کی عمارت کی تعمیر کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔کابینہ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری اروند چودھری نے بتایا کہ ریاست میں پہلی مرتبہ ای۔کابینہ اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ ای۔کابینہ کے ذریعے کاغذ اور وقت دونوں کی بچت ہوگی۔ اس مقصد کے لیے ٹیبلیٹ کی خریداری پر دو کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں، جو چھ سے سات ماہ کے اندر بچت کے ذریعے وصول ہوجائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس کے ساتھ ہی بہار میں ای۔کابینہ نظام کا باضابطہ آغاز ہوگیا ہے۔ اب کابینہ کی پوری کارروائی ڈیجیٹل اور پیپر لیس طریقے سے انجام دی جائے گی۔ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا کے ذریعے کابینہ میں منظور کی گئی اہم تجاویز کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Afzal Hassan