
مدورئی، 24 نومبر (ہ س)۔ تمل ناڈو کے مدورئی میں واقع تروپرن کندرم موروگن مندر میں کارتگئی دیپم تہوار کے موقع پر پہاڑی کی چوٹی پر مہادیپم روشن کرنے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ چراغ روشن کرنے کے معاملے پر جاری تنازع کے درمیان سپریم کورٹ کے عبوری حکم کے بعد منگل کی شام پہاڑی کی چوٹی پر واقع دیپ استمبھ میں چراغ جلانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس کے پیش نظر ریاستی حکومت نے علاقے میں سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے ہیں۔
مہادیپم روشن کرنے کے لیے استعمال ہونے والے روایتی تانبے کے چراغ دان، گھی، بتی، کافور اور دیگر پوجا کا سامان ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں سخت پولیس سکیورٹی کے درمیان پہاڑی پر پہنچایا گیا ہے۔ پورے علاقے میں تقریباً 7 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی امتناعی احکامات نافذ کرکے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے خصوصی احتیاط برتی جا رہی ہے۔
سکیورٹی انتظامات کے تحت مدورئی شہر اور مضافاتی علاقوں سے تقریباً 3 ہزار پولیس اہلکاروں جبکہ دیگر اضلاع سے 4 ہزار سے زیادہ جوانوں کو بلایا گیا ہے۔ چنئی کے آوڑی، تامبرم، پونملی، اونمنچیری، چنئی ریلوے، ویراپانڈی، ٹونڈی، ناگاپٹنم، کوئمبٹور، نیلگری، سیلم، تروچی اور تنجاور سمیت مختلف علاقوں سے پولیس کی 16 بٹالین تعینات کی گئی ہیں۔ جنوبی، شمالی اور مغربی علاقوں کے سینئر پولیس افسران بھی سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
مندر کے احاطے، پہاڑی کے دامن تک جانے والے راستوں، آس پاس کے علاقوں، چوٹی پر واقع دیپ استمبھ اور درگاہ سمیت حساس مقامات پر پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ پہاڑی کی چوٹی پر خصوصی طور پر 600 پولیس اہلکاروں کو سکیورٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
مندر میں ہر سال کارتگئی دیپم تہوار کی اہم تقریب کے طور پر پہاڑی کی چوٹی پر مہادیپم روشن کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کئی برسوں سے استعمال ہونے والے روایتی تانبے کے چراغ دان کو خصوصی طور پر صاف کرکے تیار کیا جاتا ہے۔ تقریباً چار فٹ اونچے اور 70 کلوگرام وزنی اس چراغ دان میں تقریباً 400 لیٹر گھی بھرا جاتا ہے۔ چراغ روشن کرنے کے لیے کاڈا کپڑے سے تیار کردہ 150 میٹر لمبی بڑی بتی اور تقریباً پانچ کلوگرام کافور استعمال کیا جاتا ہے۔
اس سال بھی چراغ دان کی صفائی اور دیگر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ضروری پوجا کا سامان پہاڑی پر پہنچا دیا گیا ہے۔ تاہم سپریم کورٹ کے عبوری حکم کے بعد روایتی مقام اور چوٹی پر واقع دیپ استمبھ میں مہادیپم روشن کیے جانے کے حوالے سے خاص تجسس پایا جا رہا ہے۔
کارتگئی دیپم تہوار کے موقع پر منگل کی علی الصبح سے ہی تروپرن کندرم موروگن مندر میں عقیدت مندوں کی بھیڑ جمع ہونے لگی ہے۔ بڑی تعداد میں عقیدت مند بھگوان موروگن کے درشن کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پہاڑی پر مہادیپم روشن کرنے کی تیاریاں اور سکیورٹی انتظامات مسلسل جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی