
نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں دوسرے دور کی بات چیت منگل کو بھی جاری رہی۔ تقریباً ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں دونوں جماعتوں نے ایک ایک نشست پر تبادلہ خیال کیا، لیکن ابھی تک کوئی حتمی اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔
سماج وادی پارٹی نے ابتدائی طور پر کانگریس کو 26 نشستوں کی پیشکش کی ہے، جبکہ کانگریس 100 سے 140 نشستوں پر انتخاب لڑنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ اتر پردیش کانگریس کی صدر آرادھنا مشرا ’مونا‘ نے میٹنگ کے بعد بات چیت کو مثبت اور بامقصد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں جلد ہی اگلی میٹنگ کی تاریخ طے کریں گی۔
آرادھنا مشرا نے کہا کہ آج اتحاد میں شامل جماعتوں کے درمیان نشستوں کے حوالے سے ایک ایک کرکے مثبت گفتگو ہوئی۔ تمام نشستوں پر الگ الگ بات چیت کی گئی ہے اور یہ عمل آگے بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں کا خیال ہے کہ تمام نشستوں پر تبادلہ خیال ہونا چاہیے۔ اتحاد کو مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا اور جلد ہی اس کا اعلان کرکے انتخابی تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والی میٹنگ میں نشستوں پر گفتگو ہوئی ہے اور بات چیت ابھی ختم نہیں ہوئی۔ اگلی میٹنگ کی تاریخ جلد طے کی جائے گی۔
سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری پروفیسر رام گوپال یادو نے کانگریس کو 26 نشستوں کی پیشکش کیے جانے کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں 20 ایسی نشستیں شامل ہیں جہاں گزشتہ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو 60 سے 70 ہزار ووٹ ملے تھے، جبکہ کانگریس کو تقریباً دو ہزار ووٹ حاصل ہوئے تھے۔ ایس پی کے رکن پارلیمنٹ راجیو رائے نے بھی کہا کہ نشستوں کی تعداد پر بات چیت ہوگی اور ان کی پارٹی نے کانگریس کو 26 نشستوں کی پیشکش کی ہے۔
ایس پی کی رکن پارلیمنٹ اقرا حسن نے بات چیت کو بامقصد اور مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نشستوں کی تقسیم پر گفتگو کے دوران دونوں فریق اپنی اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ حتمی فیصلہ دونوں جماعتوں کی قیادت مل کر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت ابھی شروع ہوئی ہے اور اس میں مزید ایک دو دن لگ سکتے ہیں۔ دونوں فریقوں کی تجاویز پر تبادلہ خیال کے بعد صورت حال واضح ہوگی۔
ایس پی کی جانب سے پیش کردہ 26 نشستوں میں کانگریس کی گزشتہ انتخابات میں جیتی ہوئی دو نشستیں اور وہ چار نشستیں شامل ہیں جہاں پارٹی دوسرے نمبر پر رہی تھی۔ اس کے علاوہ 20 ایسی نشستیں بھی تجویز کی گئی ہیں جہاں گزشتہ انتخابات میں ایس پی کو 60 سے 70 ہزار ووٹ ملے تھے، جبکہ کانگریس تقریباً دو ہزار ووٹوں تک محدود رہ گئی تھی۔ ایس پی نے ان نشستوں کے انتخاب میں 2022 کے اسمبلی انتخابات اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کو بنیاد بنایا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ابتدائی پیشکش کے علاوہ دیگر نشستوں پر بھی انتخابی مساوات اور امیدواروں کی جیت کے امکانات کی بنیاد پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔
کانگریس ذرائع کے مطابق پارٹی نے پہلے 181 نشستوں کی فہرست تیار کی تھی، جسے کم کرکے اب 130 نشستوں تک محدود کر دیا گیا ہے۔ تاہم کانگریس 100 سے 140 نشستوں پر انتخاب لڑنے کے اپنے مطالبے پر قائم ہے۔ پارٹی اس سلسلے میں 2017 کے ایس پی-کانگریس اتحاد کا حوالہ دے رہی ہے، جب کانگریس نے 105 سے زیادہ نشستوں پر انتخابات لڑے تھے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ایس پی نے تقریباً 130 نشستوں کے بارے میں کانگریس سے وہاں جیت کے امکانات، ممکنہ امیدواروں کی ذات اور مقامی انتخابی مساوات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان نشستوں کی تقسیم پر باضابطہ بات چیت پیر کو نئی دہلی میں شروع ہوئی تھی۔ پہلے دور کی میٹنگ کانگریس کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری کی دہلی میں واقع رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔ اس میں ایس پی کی جانب سے پروفیسر رام گوپال یادو، رکن پارلیمنٹ راجیو رائے اور اقرا حسن نے شرکت کی تھی۔ کانگریس کی جانب سے ریاستی صدر آرادھنا مشرا ’مونا‘، ریاستی انچارج راجندر پال گوتم اور رکن پارلیمنٹ عمران مسعود شریک ہوئے تھے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں دونوں جماعتوں نے اپنی ترجیحی نشستوں اور ممکنہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی