
نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے شرومنی اکالی دل کی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے منگل کو کہا کہ پنجاب اور پنجابیوں کی فلاح و بہبود کو سب سے زیادہ اہمیت دینے والا یہ فطری اتحاد ریاست میں عوام دوست حکومت کو یقینی بنائے گا اور اسے ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
مودی نے شری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرب کے موقع پر اکالی دل کی این ڈی اے میں واپسی کو خاص قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یہ جان کر بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ شرومنی اکالی دل این ڈی اے خاندان میں واپس آ رہا ہے اور وہ بھی شری گرو نانک دیو جی کے پرکاش پرب کے مبارک دن۔
وزیر اعظم نے کہا، ”ہمارا اتحاد فطری ہے، جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پنجاب میں عوام دوست حکومت قائم ہو اور ریاست ترقی کی نئی بلندیوں کو چھوئے۔“ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور پنجابیوں کی فلاح و بہبود اتحاد کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔
مودی نے اکالی دل اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پرانے اتحاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد کو سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی، سینئر رہنما لال کرشن اڈوانی اور شرومنی اکالی دل کے آنجہانی رہنما سردار پرکاش سنگھ بادل نے آگے بڑھایا تھا۔ یہ اتحاد وقت کی کسوٹی پر کھرا اترا ہے۔
انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ اکالی دل اور بی جے پی کا یہ اتحاد پنجاب کے عوام کی پہلی پسند بن کر ابھرے گا۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں اکالی دل اور بی جے پی کے سرکاری سوشل میڈیا اکاونٹس کو بھی ٹیگ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ شرومنی اکالی دل اور بی جے پی کے درمیان طویل عرصے تک سیاسی اتحاد رہا ہے۔ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اکالی دل نے ستمبر 2020 میں این ڈی اے سے اپنا رشتہ توڑ لیا تھا۔ اب دونوں جماعتوں کے دوبارہ ساتھ آنے کو پنجاب کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی