
کاٹھمنڈو، 24 نومبر (ہ س)۔ نیپال کے وزیر خزانہ ڈاکٹر سورنیم واگلے نے کہا ہے کہ بھارت سے رعایتی قرض کی شکل میں ملنے والے 184 ارب نیپالی روپے کا استعمال ضرورت اور منصوبوں کی تعمیر میں ہونے والی پیش رفت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اس کے لیے بھارت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم ’لائن آف کریڈٹ‘ (قرض کی سہولت) کی شکل میں ہوگی۔
نمائندہ ایوان کی اقتصادی کمیٹی کے اجلاس میں منگل کو بھارت کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور اتفاقِ رائے سے متعلق ارکانِ پارلیمنٹ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ واگلے نے یہ معلومات دیں۔ انہوں نے بتایا کہ نیپال کو بھارت سے 56 ارب روپے بطور امداد اور 184 ارب روپے لائن آف کریڈٹ کے تحت مالی تعاون حاصل ہوگا۔ اس سے نیپال میں بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے کی ترقی کے لیے مالی وسائل کی کمی نہیں ہوگی۔
واگلے کے مطابق نیپال میں تقریباً 40 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اس امکان کو حقیقت میں بدلنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہوگی۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کے ساتھ 184 ارب روپے کی قرض سہولت کا انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دورے کے دوران نیپال نے اقتصادی تعاون کے ساتھ کئی اہم اقتصادی اور سفارتی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں۔ ان سے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، توانائی کے شعبے میں توسیع اور بین الاقوامی رابطوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس قرض کا استعمال بجلی کی ترسیلی لائنوں سمیت توانائی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ڈالر میں قرض لینے کی وجہ سے شرحِ تبادلہ میں اتار چڑھاو¿ کے باعث نیپال پر مالی بوجھ بڑھ جاتا تھا۔ ایسے میں بھارتی روپے میں قرض لینے اور اسی کرنسی میں ادائیگی کرنے کی سہولت ملنا اہم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 184 ارب روپے کے اس قرض پر شرحِ سود کیا ہوگی، اس کی ادائیگی کی مدت کتنی ہوگی اور اصل رقم کی ادائیگی سے کتنے عرصے کی چھوٹ (گریس پیریڈ) ملے گی، ان تمام معاملات پر ابھی تکنیکی سطح پر بات چیت ہونا باقی ہے۔
واگلے نے ماضی میں سڑکوں کی تعمیر جیسے منصوبوں میں لائن آف کریڈٹ کے استعمال کے دوران مقامی مواد کے استعمال اور ٹھیکیداروں سے متعلق شرائط کی وجہ سے پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اس قرض سہولت کا استعمال زیادہ مو¿ثر ثابت ہو سکتا ہے۔
بھیروا ہوائی اڈے کے لیے دو طرفہ فضائی راستے پر اتفاق بڑی کامیابی
وزیر خزانہ واگلے نے بھارت کے ساتھ بھیروا میں واقع گوتم بدھ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے لیے دو طرفہ فضائی راستہ فراہم کرنے پر ہونے والے اتفاق کو نیپال کی اہم سفارتی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نیپال گزشتہ 10 سے 12 برسوں سے اس سہولت کا مطالبہ کرتا آ رہا تھا۔ اب تک فضائی راستہ یک طرفہ تھا، لیکن بھارت کے ساتھ اتفاق کے بعد اسے دو طرفہ بنانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
حکومت کا خیال ہے کہ اس سے نیپال کے شہری ہوابازی کے شعبے میں بہتری آئے گی اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت مستقبل میں مہندر نگر اور جنک پور سمیت دیگر سرحدی علاقوں سے بھی بھارت اور بین الاقوامی شہروں کے ساتھ فضائی رابطے بڑھانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی