
کاٹھمنڈو، 24 نومبر (ہ س): بھارت اور نیپال کے درمیان دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے دونوں ممالک کی افواج کی مشترکہ فوجی مشق ’سوریہ کرن‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس مشق میں شرکت کے لیے ہندوستانی فوج کا ایک دستہ نیپال پہنچ چکا ہے۔ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان یہ مشترکہ مشق 25 نومبر سے 8 دسمبر 2026 تک نیپال میں منعقد ہوگی۔
نیپال کے روپندیہی ضلع کے سالجھندی میں واقع نیپالی فوج کے بیٹل اسکول میں ہونے والی اس مشق میں ہندوستانی فوج کی 12 کماو¿ رجمنٹ اور نیپالی فوج کی جانب سے جوالا دل گن کے جوان حصہ لیں گے۔ یہ مشترکہ فوجی مشق کا 20واں ایڈیشن ہوگا۔
مشترکہ فوجی مشق ’سوریہ کرن‘ کے دوران دونوں ممالک کے فوجی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر مختلف فوجی سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ اس کا بنیادی مقصد دونوں افواج کے درمیان باہمی تال میل، فوجی مہارت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور مشترکہ طور پر فوجی کارروائیاں انجام دینے کی اہلیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اس طرح کی مشترکہ مشقوں سے دونوں ممالک کے فوجیوں کو ایک دوسرے کے فوجی طریقہ کار، حکمت عملی اور آپریشنل تجربات کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس کے علاوہ، مشکل حالات اور چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی صلاحیت بھی پیدا ہوتی ہے۔
بھارت اور نیپال کے درمیان سال 2010 سے ہر سال مشترکہ فوجی مشق ’سوریہ کرن‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس مشق کی خاص بات یہ ہے کہ دونوں ممالک باری باری اس کی میزبانی کرتے ہیں۔ یعنی ایک سال اس کا انعقاد نیپال میں ہوتا ہے، جب کہ اگلے سال بھارت میں یہ مشق منعقد کی جاتی ہے۔
اس فوجی مشق کے ذریعے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان طویل عرصے سے جاری دفاعی تعاون کو ایک باقاعدہ ادارہ جاتی شکل دی گئی ہے۔ بھارت اور نیپال کے درمیان جغرافیائی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی تعلقات کے ساتھ ساتھ فوجی تعاون بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کی افواج مختلف سطحوں پر تربیت، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ سرگرمیوں میں مسلسل حصہ لیتی رہی ہیں۔
’سوریہ کرن‘ جیسی مشترکہ فوجی مشقیں بھارت اور نیپال کے دفاعی تعاون کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ان سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعتماد، باہمی سمجھ بوجھ اور تال میل کو فروغ ملتا ہے۔ مشترکہ فوجی مشق کے 20ویں ایڈیشن کے انعقاد سے دونوں ممالک کے درمیان تربیت اور فوجی تعاون کی یہ روایت مزید آگے بڑھے گی۔ سالجھنڈی میں ہونے والی اس مشق کو بھارت اور نیپال کے فوجی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ