جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ، تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان
نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے الگ الگ رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک طرف دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک بنی ہوئی ہے اور سردی میں اضافے کے آثار ہیں، تو دوسری جانب جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار
جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ، تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان


نئی دہلی، 24 نومبر (ہ س)۔ ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے الگ الگ رنگ دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ایک طرف دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی کی سطح تشویشناک بنی ہوئی ہے اور سردی میں اضافے کے آثار ہیں، تو دوسری جانب جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی ہواؤں کے اثر سے جنوبی جزیرہ نما ہندوستان میں آئندہ چند دنوں کے دوران بارش کی سرگرمیاں تیز رہنے کا امکان ہے۔

دہلی-این سی آر میں آلودگی اور سردی کا اثر

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں فضائی معیار خراب زمرے میں برقرار ہے۔ آئی ٹی او میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 293، چاندنی چوک میں 256، آنند وہار میں 206 اور غازی آباد میں 206 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق 25 اور 26 نومبر کی صبح بعض مقامات پر دھند یا ہلکا کہرا چھایا رہ سکتا ہے۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ 27 نومبر کو سردی میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 8 سے 10 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جنوبی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال، جنوبی کیرالہ اور کومورین خطے میں سرگرم گردابی ہواؤں کے نظام اور مشرقی ہواؤں کے ٹرف کے باعث جنوبی ہندوستان میں موسم کا مزاج بدلا رہے گا۔25 سے 27 نومبر کے دوران کیرالہ، ماہے، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ 25 سے 30 نومبر کے درمیان ساحلی آندھرا پردیش اور رائل سیما، 25 سے 28 نومبر کے دوران ساحلی اور جنوبی اندرونی کرناٹک، جب کہ 25 نومبر کو تلنگانہ کے بعض علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔ 25 سے 28 نومبر کے دوران تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں گرج چمک کے ساتھ 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ بعض مقامات پر ان کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے۔اسی طرح 25 سے 27 نومبر کے دوران کیرالہ، ماہے اور لکشدیپ میں، جب کہ 25 سے 28 نومبر کے درمیان ساحلی آندھرا پردیش، یانم اور رائل سیما میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ ان کی زیادہ سے زیادہ رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

مغربی اور وسطی ہندوستان کے لوگوں کے لیے راحت کی بات یہ ہے کہ رواں ہفتے ان علاقوں میں موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ تاہم شمالی ہندوستان اور آسام کے آس پاس مغربی ہواؤں کے نظام اور بالائی فضا میں گردابی گردش سرگرم ہے۔مجموعی طور پر آئندہ چند دنوں میں جنوبی ہندوستان کے کئی علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے، جب کہ شمالی ہندوستان میں صبح اور رات کے وقت سردی میں اضافے کے آثار ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande