
۔ بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس آنا چاہتی ہیں
ڈھاکہ ، 24 نومبر (ہ س)۔ معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے اعلان کے بعد ملک میں جاری تشدد کے واقعات کے درمیان حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ وزیر اعظم طارق رحمان نے گزشتہ روز نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے رہنماو¿ں سے ملاقات کرکے تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب شیخ حسینہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں وطن واپس لانے کے لیے طیارے کا انتظام کیا جائے۔ ملک کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر آج وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے سفارت کاروں سے بھی مشاورت کی۔ ادھر تشدد سے متاثرہ آٹھ اضلاع کی سکیورٹی بارڈر گارڈ بنگلہ دیش (بی جی بی) کے حوالے کر دی گئی ہے۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے منگل کو سفارت کاروں کو ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور حالیہ سکیورٹی چیلنجز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے ایک پ±رامن، مستحکم اور خوشحال بنگلہ دیش کے قیام کے لیے عالمی برادری سے تعاون کی اپیل کی۔ کبیر نے کہا کہ حالیہ تشدد کے واقعات بنگلہ دیشی عوام کی امنگوں کے منافی ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ عوامی لیگ کی سرگرمیاں ملک میں انتشار پیدا کرنے والی اور دہشت گردانہ نوعیت کی ہیں۔
ہمایوں کبیر نے کہا کہ ’عوامی دہشت گرد‘ بیرون ملک بھی سرگرم ہیں۔ وہ بعض ممالک میں بدامنی پھیلا رہے ہیں اور دہشت گردی و منی لانڈرنگ جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق ملک کے اندر اور بیرون ملک پیش آنے والے یہ واقعات محض سیاسی مخالفت کا اظہار نہیں ہیں، بلکہ عوامی لیگ کے کارکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تصادم کی صورت حال پیدا کر رہے ہیں تاکہ ملک میں سیاسی انتشار کا تاثر دیا جا سکے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پولیس تھانوں پر حملے اور اسلحہ لوٹنے کی کوششیں ریاست کے اختیارات اور قانون کی بالادستی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بنگلہ دیش میں جمہوری تبدیلی کے عمل کو پٹری سے اترنے نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور طارق رحمان کی قیادت میں حکومت تشکیل دی۔
کبیر نے کہا کہ عوامی لیگ اور اس سے وابستہ تنظیموں کی سرگرمیوں پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی عائد ہے، جبکہ پارٹی کی رجسٹریشن بھی معطل کر دی گئی ہے۔ اس کے باوجود عوامی لیگ کے کارکن جلوس نکال رہے ہیں، سڑکیں بند کر رہے ہیں اور تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق صورت حال تشویش ناک ہو چکی ہے۔ یکم نومبر سے 21 نومبر کے درمیان ملک کی 41 انتظامی اکائیوں میں تشدد اور بدامنی کے مجموعی طور پر 158 واقعات درج کیے گئے۔
انہوں نے سفارت کاروں کو بتایا کہ 17 نومبر کو سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں ایک پولیس تھانے کو آگ لگا دی گئی۔ وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود لوٹ لیا گیا اور زیر حراست افراد کو چھڑا لیا گیا۔ اس واقعے میں بی جی بی کا ایک اہلکار بھی شدید زخمی ہوا۔ 19 نومبر کو مکسودپور میں ایک اور پولیس تھانے کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کو بھی نذر آتش کیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں، بی این پی کے دفاتر اور گرامین بینک کی متعدد شاخوں میں توڑ پھوڑ کی گئی یا انہیں آگ لگا دی گئی۔
ہمایوں کبیر کے مطابق، شریعت پور میں پدما پل کے جنوبی ٹول پلازہ کے قریب بم دھماکے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ٹول کی وصولی کا عمل متاثر ہوا۔ فریدپور میں کھڑی ایک بس کو آگ لگا دی گئی۔ ایک جلوس پر حملے کے دوران بی این پی کے دو رہنما ہلاک ہو گئے۔ پابنا میں پرتشدد جھڑپوں، آتش زنی اور سرکاری املاک پر حملوں نے صورت حال کو مزید سنگین بنا دیا۔ چٹاگانگ میں پولیس پر حملوں اور دیسی ساختہ بموں کے دھماکوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ دو سال سے زیادہ عرصے سے بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی شیخ حسینہ 16 دسمبر، یعنی بنگلہ دیش کے جیت کے موقع پر وطن واپس آنا چاہتی ہیں۔ ان کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ شیخ حسینہ نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ انہیں واپس لانے کے لیے سرکاری فضائی کمپنی ’بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز‘ کا ایک طیارہ فراہم کیا جائے۔
تاہم بنگلہ دیش کے چیف پراسیکیوٹر محمد امین الاسلام نے شیخ حسینہ کے اس مطالبے کو ’محض ایک پاگل پن‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزائے موت پانے والے کسی مجرم کو واپس لانے کے لیے طیارہ بھیجنا ایک غیر معمولی اور بے مثال واقعہ ہوگا۔ انہوں نے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل میں واقع اپنے دفتر میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔
عوامی لیگ کے خلاف جاری قانونی کارروائی کے حوالے سے استغاثہ اعلی نے بتایا کہ ایک سیاسی جماعت کی حیثیت سے عوامی لیگ کے مبینہ دہشت گردانہ کردار کی تحقیقات جاری ہیں۔
دریں اثنا، حکومت نے امن و امان برقرار رکھنے، عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے آٹھ اضلاع میں بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی مجموعی طور پر 101 پلاٹون تعینات کی ہیں۔ ان میں گوپال گنج میں تعینات دو بٹالین بھی شامل ہیں۔ دیگر متاثرہ اضلاع میں ڈھاکہ، غازی پور، نارائن گنج، میمن سنگھ، فریدپور، چٹاگانگ اور کاکس بازار شامل ہیں۔
بی جی بی ہیڈکوارٹر کے ترجمان شریف الاسلام نے منگل کی صبح بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات پر تعینات کیے گئے بی جی بی کے اہلکار متعلقہ ضلع انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / محمد شہزاد