لیبیا کے بن غازی میں روسی بحری جہاز پر ڈرون حملہ، جہاز سمندر میں ڈوبا، 10 افراد زخمی
طرابلس،23نومبر(ہ س)۔مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی کی بندرگاہ پر لنگر انداز روسی بحری جہاز کو مشتبہ سمندری ڈرون حملے میں شدید نقصان پہنچا۔ حملے کے بعد جہاز میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں روسی اور لیبیائی شہریوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگ
لیبیا کے بن غازی میں روسی بحری جہاز پر ڈرون حملہ، جہاز سمندر میں ڈوبا، 10 افراد زخمی


طرابلس،23نومبر(ہ س)۔مشرقی لیبیا کے شہر بن غازی کی بندرگاہ پر لنگر انداز روسی بحری جہاز کو مشتبہ سمندری ڈرون حملے میں شدید نقصان پہنچا۔ حملے کے بعد جہاز میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں روسی اور لیبیائی شہریوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

مقامی حکام کے مطابق، روسی بحری جہاز کا نام ’مرکوری‘ بتایا گیا ہے۔ یہ روسی بحریہ کا ایک جنگی جہاز تھا، جو روس واپسی کے دوران ایندھن اور ضروری سامان لینے کے لیے بن غازی کی بحری بندرگاہ پر رکا ہوا تھا۔

لیبیا کی مشرقی حکومت کے مطابق، ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ جہاز کو سمندری ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران کئی ڈرون جہاز کی طرف بھیجے گئے، جن میں سے چار کو تباہ کردیا گیا، جبکہ دو ڈرون جہاز سے ٹکرا گئے۔ اس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔

میڈیکل ذرائع کے مطابق، اس واقعے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں روس اور لیبیا کے شہری شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے حوالے سے مقامی میڈیا نے رپورٹ کی ہے کہ سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر میں روسی بحری جہاز کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوبا ہوا دکھائی دیا ہے۔ جہاز کا کچھ حصہ پانی کی سطح سے اوپر نظر آرہا ہے، جبکہ بندرگاہ کے قریب دھواں اور ملبہ بھی دیکھا گیا ہے۔

اس واقعے کے چند گھنٹوں بعد بن غازی کے ساحل کے قریب مالٹا کے پرچم والے ایک تجارتی مال بردار جہاز کو بھی سمندری ڈرون سے نشانہ بنائے جانے کی اطلاع ملی۔ لیبیا کی بحریہ نے اس جہاز کے عملے کو بحفاظت بچا لیا۔ اطلاعات کے مطابق، لیبیا کی بحری اور فضائی فورسز نے ساحل کے قریب 20 سے زیادہ ڈرون کشتیوں کو بھی روکا یا تباہ کیا۔

اس حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم یوکرین نے باضابطہ طور پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے اور نہ ہی روس کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے آیا ہے۔لیبیا کی مشرقی حکومت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی خودمختاری اور سمندری سلامتی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ حکومت نے روس کے ساتھ مل کر واقعے کی مشترکہ تحقیقات شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

دوسری جانب، طرابلس میں قائم لیبیا کی مغربی حکومت نے بھی غیر ملکی تنازعات کو لیبیا کی بندرگاہوں اور شہری تنصیبات تک لانے پر تشویش ظاہر کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande