
سری نگر، 23 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی و اقلیتی امور کرن رجیجو نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کو ملک کا بہترین وقف بورڈ قرار دیتے ہوئے اسے مرکزی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وہ پیر کو یہاں کاٹھی دروازہ رعناواری میں بی بی حلیمہ کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔
انہوں نے وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا: ’’ہندوستان میں سب سے اچھا کام کرنے والا وقف بورڈ جموں و کشمیر کا وقف بورڈ ہے۔ میری اور حکومت ہند کی طرف سے پوری مدد ملے گی۔‘‘
رجیجو نے کہا کہ انہیں بورڈ کے کئی کاموں میں سے کچھ کا افتتاح کرنے کا موقع ملا ہے۔ ان کے مطابق نرسنگ کالج کے انتظامات مثالی ہیں اور وہ انتظامیہ سے بھی خوش ہیں۔ انہوں نے خاص طور کالج کے کمروں کی تعمیر کو سراہا اور کہا کہ اس سے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے اہم ہیں، اور وقف بورڈ نے انہی کی طرف زیادہ توجہ دی ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں رجیجو نے کہا کہ جموں و کشمیر میں وقف بورڈ کے زیر انتظام چلنے والے پہلے نرسنگ کالج کے طور پر قائم ہونے والے اس ادارے نے نرسنگ تعلیم میں شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان کے مطابق اس کے سابق طلبہ میں کشمیر یونیورسٹی کے 16 گولڈ میڈلسٹ شامل ہیں، جو نرسنگ کالجوں میں سب سے زیادہ ہے، جبکہ امریکہ اور کینیڈا میں این سی ایل ایکس (نرسنگ لائسنسنگ امتحان) پاس کرنے والے 10 سے زائد افراد بھی یہیں کے فارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکمز کے تقریباً 30 فیصد نرسنگ افسران اور گورنمنٹ میڈیکل کالجوں سے منسلک اسپتالوں کے 25 فیصد سے زائد نرسنگ عملے کا تعلق اسی کالج سے ہے۔
ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ایکس پر مرکزی وزیر کے ان الفاظ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی سے سب کو مزید طاقت ملی ہے۔ انہوں نے لکھا: ’’میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور و پارلیمانی امور محترم کرن رجیجو جی کا ان کے قیمتی کلمات ستائش اور حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی حوصلہ افزائی نے ہم سب کو مزید طاقت دی ہے۔ ہم آپ کے بے حد ممنون ہیں۔‘‘قبل ازیں رجیجو پیر کی صبح سری نگر پہنچے جہاں ایئرپورٹ پر ڈاکٹر اندرابی نے ان کا استقبال کیا۔ وہ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی پہلی بار منعقد ہونے والی وقف ڈے تقریبات میں مہمان خصوصی ہیں اور کچھ اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کر رہے ہیں۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر انہوں نے ایکس پر لکھا: ’’سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جموں و کشمیر پہنچنے پر دلی خیر مقدم۔ سری نگر کی گرمجوشی، خوبصورتی اور مہمان نوازی ہر دورے کو واقعی یادگار بنا دیتی ہے۔ اس خوبصورت سرزمین پر مختلف تقریبات میں شرکت اور یہاں کے لوگوں سے ملنے کا منتظر ہوں۔‘‘
ان کی آمد پر ڈاکٹر اندرابی نے بھی ایکس پر لکھا: ’’مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور محترم کرن رجیجو جی کا سری نگر آمد پر دلی خیر مقدم، جہاں وہ پہلی بار منعقد ہونے والی وقف ڈے تقریبات میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔ وہ کچھ اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کر رہے ہیں۔ خوش آمدید، محترم جناب۔‘‘
پروگرام کے مطابق وہ درگاہ حضرت بل میں وقف ریوائیول فوٹو میوزیم، خواتین کے نماز ہال اور گیسٹ ہاؤس سمیت کئی سہولیات کا بھی افتتاح کریں گے، اور دوپہر میں شالیمار کے ایس کے یو اے ایس ٹی-کشمیر کنونشن سینٹر میں وقف ڈے کی سرکاری تقریب میں شرکت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / ظہور حسین بٹ