
لاہور، 23 نومبر (ہ س)۔ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے بہاولپور میں واقع اچ شریف کے مقام پر پیر کی علی الصبح پتھروں سے لدے ایک ٹرک نے منی ٹرک کو ٹکر مار دی اور اس کے اوپر الٹ گیا۔ اس حادثے میں سات افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ بہاولپور کے ضلعی پولیس افسر رانا عبدالوہاب نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
’ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق منی ٹرک میں 16 افراد سوار تھے، جو ڈیرہ غازی خان سے خیرپور تامیوالی جا رہے تھے۔ دھند کے باعث یہ منی ٹرک شاہراہ کے کنارے رکا ہوا تھا۔ پولیس افسر وہاب نے بتایا، ”جب منی ٹرک کا ڈرائیور رکی ہوئی گاڑی کی ونڈ اسکرین صاف کر رہا تھا، اسی وقت پتھروں سے لدا ٹرک اس سے ٹکرا کر اس کے اوپر الٹ گیا۔ اس کی وجہ سے منی ٹرک میں سوار مسافر اندر ہی پھنس گئے۔ پتھروں کو ہٹانے کے لیے کھدائی کرنے والی مشین کا استعمال کیا گیا۔“
پولیس اور امدادی ٹیموں نے نو افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا، جبکہ سات افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچائے گئے افراد میں سے دو زخمی ہیں۔ وہاب نے بتایا کہ حادثے کے بعد پتھروں سے لدے ٹرک کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے اس کی شناخت کر لی ہے اور دھورکوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اس سے پہلے رواں ماہ پاکپٹن کے قریب ایک مسافر بس اور ٹرک کے درمیان تصادم میں 11 افراد ہلاک اور 33 دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ 21 اکتوبر کو راجن پور ضلع کی روزھان تحصیل میں دریائے سندھ ہائی وے پر ایک مسافر بس سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔ اس حادثے میں 10 افراد کی جان چلی گئی تھی اور 44 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ 19 اکتوبر کو ملتان کے بوسن روڈ پر ہوئے ایک سڑک حادثے میں پانچ نوجوان ہلاک ہو گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی