
گرڈیہہ، 23 نومبر(ہ س)۔ جھارکھنڈ کے گرڈیہہ ضلع میں پارس ناتھ شیکھر جی کی زیارت کرکے جمشیدپور واپس لوٹ رہے جین تیرتھ یاتریوں سے بھری ایک بس حادثے کا شکار ہوگئی۔ اس حادثے میں ایک میاں بیوی کی موت ہوگئی، جبکہ 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا علاج پیرٹانڈ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں جاری ہے۔ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، اتوار کی دیر رات عقیدت مندوں کا قافلہ 10 گاڑیوں میں سوار ہوکر پارس ناتھ شیکھر جی کی زیارت کے بعد جمشیدپور واپس جا رہا تھا۔ اسی دوران مدھوبن تھانہ علاقے کے کلیان نکیتن کے قریب ایک بس بے قابو ہوکر سڑک کنارے درخت سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس دوسری جانب پلٹ گئی، جس کے بعد مسافروں میں افراتفری مچ گئی۔ حادثے میں ایک میاں بیوی کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔مہلوکین کی شناخت گجرات کے سورت کے رہنے والے بابولال ونشراج (56) اور ان کی اہلیہ بادم دیوی (49) کے طور پر ہوئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈمری کے سب ڈویژنل پولیس افسر (ایس ڈی پی او) عابد خان، مدھوبن تھانہ انچارج منی لال سنگھ اور پیرٹانڈ تھانہ انچارج جتیندر سنگھ پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کرتے ہوئے بس میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر پیرٹانڈ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا۔ایس ڈی پی او عابد خان نے بتایا کہ مہلوک میاں بیوی کی لاشوں کو قبضے میں لے کر ضروری کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ شدید زخمی دو مسافروں کو بہتر علاج کے لیے ریفر کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan