اتراکھنڈ میں مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کے لیے کارکن کمر کس لیں: رام مادھو
بی جے پی میں خاندانی سیاست نہیں، کارکنوں کی اہلیت سے طے ہوتا ہے ان کا کردار: رام مادھو ہریدوار، 22 نومبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی نائب صدر اور اتراکھنڈ کے انچارج رام مادھو نے اتوار کو پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں مس
اتراکھنڈ میں مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کے لیے کارکن کمر کس لیں: رام مادھو


بی جے پی میں خاندانی سیاست نہیں، کارکنوں کی اہلیت سے طے ہوتا ہے ان کا کردار: رام مادھو

ہریدوار، 22 نومبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی نائب صدر اور اتراکھنڈ کے انچارج رام مادھو نے اتوار کو پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں مسلسل تیسری بار حکومت بنانے کے ہدف کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ بی جے پی کے لیے ’ نیچورل پارٹی آف گورننس ‘ ہے۔ یہ دیو بھومی اور ویر بھومی ہے اور بی جے پی ثقافتی قوم پرستی کے نظریے کے ساتھ یہاں کے عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے۔

اتوار کو ہریدوار کے پریم نگر آشرم میں منعقدہ بی جے پی کی ریاستی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ بی جے پی ہی ایسی سیاسی جماعت ہے، جہاں ایک عام کارکن بھی اپنی اہلیت اور محنت کی بنیاد پر انتخابی ٹکٹ کا دعوے دار بن سکتا ہے۔ پارٹی میں خاندانی سیاست یا دولت کے بل پر فیصلے نہیں کیے جاتے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس کی مثال ہیں، جنہوں نے ایک عام کارکن کی حیثیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے انتخابی ٹکٹ کے دعوے داروں کو صبر سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں ٹکٹ کسی ایک ہی شخص کو ملے گا، لیکن پارٹی کی جیت اجتماعی کوششوں سے یقینی ہوگی۔ اس لیے تمام کارکنوں کو ذاتی دعوے داری سے اوپر اٹھ کر تنظیم کو مضبوط بنانے اور بی جے پی کی کامیابی کے لیے کام کرنا چاہیے۔

رام مادھو نے اتراکھنڈ ریاست کے قیام میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور اس وقت کے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ راج ناتھ سنگھ کے کردار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے قیام کے بعد سے بی جے پی کو عوام نے 17 برس تک خدمت کا موقع دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ بی جے پی صرف انتخابات جیتنے والی جماعت نہیں، بلکہ انتخابی میدان میں نئے ریکارڈ قائم کرنے والی پارٹی ہے۔ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش جیسی ریاستوں میں ہر پانچ سال بعد حکومت تبدیل ہونے کی روایت کو بی جے پی نے توڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس برس تک حکومت چلانے کے بعد اب پارٹی 15 برس تک مسلسل عوام کی خدمت کرنے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande