
ہریدوار، 22 نومبر(ہ س)۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اتراکھنڈ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مسلسل تیسری بار بی جے پی کی حکومت بننے کا اعتماد ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت ہمالیہ کی طرح اٹل اور گنگا کی طرح مسلسل رواں رہے گی۔ اتراکھنڈ میں بی جے پی کی تنظیم دیودار کے درخت کی طرح مضبوط ہے۔ کارکنوں کا جوش اور عوام کا پارٹی پر اعتماد تیسری بار بھی بھاری اکثریت سے حکومت بنانے کی بنیاد بنے گا۔
ہریدوار واقع پریم نگر آشرم میں اتوار کو بی جے پی کی توسیعی ریاستی مجلس عاملہ کی 2 روزہ میٹنگ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ میٹنگ محض تنظیمی پروگرام نہیں، بلکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پہلے سے زیادہ اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کا عہد کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتراکھنڈ کی شناخت، ثقافت اور ترقی کے تحفظ کے لیے پابند عہد ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اتراکھنڈ کے کارکنوں کے تئیں ان کے دل میں عقیدت اور تشکر کا جذبہ ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں انہیں کارکنوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ آج انہی کارکنوں کی محنت سے تنظیم کا دائرہ وسیع ہوا ہے اور بڑی تعداد میں نئے لوگ پارٹی سے وابستہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی انتخابی کامیابیوں کے پیچھے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت، ترقیاتی کام، عوامی فلاح کا جذبہ اور کارکنوں کی محنت ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بی جے پی کی اصل طاقت حکومت نہیں، بلکہ اس کی مضبوط تنظیم ہے۔ تنظیم کو متحرک رکھنے کے لیے مسلسل تبادلہ خیال اور کارکنوں سے رابطہ ضروری ہے۔ بی جے پی صرف انتخابات جیتنے کے لیے نہیں، بلکہ ملک اور ریاست کو بدلنے کے مقصد سے کام کرتی ہے۔ اقتدار رہے یا نہ رہے، پارٹی قومی مفاد اور عوامی مفاد کے معاملات پر اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے اس عزم کا ذکر کیا کہ ایک ملک میں 2 وزیر اعظم، 2 آئین اور 2 نشان نہیں چلنے دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اسی نظریاتی دھارے کو آگے بڑھا رہی ہے۔ پارٹی پنڈت دین دیال اپادھیائے کے انتودیہ اور قوم کو اولیت دینے کے نظریات سے متاثر ہے۔ سماج کے آخری پائیدان پر کھڑے شخص تک ترقی کے فوائد پہنچنا ہی حکومت کی کامیابی کا حقیقی پیمانہ ہونا چاہیے۔
راج ناتھ سنگھ نے کارکنوں کو تنظیم کی مضبوطی کے لیے 9 گر بتائے۔ انہوں نے مسلسل تنظیمی رابطہ برقرار رکھنے، عوام کا اعتماد جیتنے، ڈیجیٹل ذرائع سے عوامی رابطہ بڑھانے، ذاتی حملوں سے گریز کرنے، نوجوانوں کو تنظیم سے جوڑنے، اپوزیشن کے الزامات کا حقائق کی بنیاد پر جواب دینے، حکومت کی کامیابیاں گھر گھر پہنچانے، اخلاقیات اور نظم و ضبط برقرار رکھنے اور باہمی اتحاد کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کو وزیر یا رکن اسمبلی بننے کے بعد تنظیم سے مزید گہرائی کے ساتھ وابستہ ہونا چاہیے۔ کسی حادثے یا بحران کے وقت بی جے پی کارکن سب سے پہلے مدد کے لیے پہنچنے والا شخص ہونا چاہیے۔ سوشل میڈیا کا استعمال صرف تشہیر کے لیے نہیں، بلکہ عوام کی رائے اور ان کے مسائل سمجھنے کے لیے بھی کیا جانا چاہیے۔
وزیر دفاع نے اتراکھنڈ حکومت کے کام کاج کی ستائش کرتے ہوئے یکساں سول کوڈ، نقل مخالف قانون، سرمایہ کاری، روزگار، اسٹارٹ اپ، تجاوزات کے خلاف کارروائی اور چار دھام ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ مکمل خواندہ ریاست بن چکی ہے اور یکساں سول کوڈ نافذ کرنے والی ملک کی پہلی ریاست ہے۔
انہوں نے کیدارناتھ کی تعمیر نو، بدری ناتھ ماسٹر پلان اور چار دھام یاترا میں عقیدت مندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ریاست کی اہم کامیابیاں قرار دیا۔ اتراکھنڈ کی فوجی روایت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گڑھوال اور کماؤں رجمنٹ ملک کے دفاع میں یہاں کے لوگوں کی بہادری اور خدمات کی پہچان ہیں۔ انہوں نے فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کے احترام کے لیے ریاستی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیموں کو صرف گنوانا نہیں ہے، بلکہ عوام کو یہ بتانا ہے کہ ان اسکیموں سے ان کی زندگی میں کیا تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہوکر کام کرنے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جانے کی اپیل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / انظر حسن