
گوہاٹی، 22 نومبر (ہ س)۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں جاری ’ووٹ بچاؤ، دیش بچاؤ‘ مہم کے تحت آئندہ 26 نومبر، سمودھان دیوس کے موقع پر ملک بھر کے ساتھ آسام میں بھی ’سمودھان بچاؤ پدیاترا‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کے سلسلے میں اتوار کو گوہاٹی واقع آسام پردیش کانگریس کے صدر دفتر راجیو بھون میں منعقدہ خصوصی پریس کانفرنس میں آسام پردیش کانگریس کمیٹی کے معاون انچارج منوج چوہان نے تفصیلات پیش کیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منوج چوہان نے کہا کہ ملک کے جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے کانگریس اور انڈیا بلاک کی اتحادی جماعتیں گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل احتجاج کر رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا، ”وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ نے ملک کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے ساتھ مل کر ووٹ چوری کے ذریعے حکومت بنائی اور ملک کی جمہوریت کو نقصان پہنچایا ہے۔“
چوہان نے یہ بھی الزام لگایا کہ سپریم کورٹ نے 2023 میں الیکشن کمشنروں کی تقرری کے لیے وزیر اعظم، قائد حزب اختلاف اور ملک کے چیف جسٹس پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی تھی، لیکن مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں قانون بنا کر چیف جسٹس کی جگہ ایک کابینی وزیر کو شامل کر لیا اور اس فیصلے کو تبدیل کر دیا۔
ووٹ چوری کے خلاف عوام کو بیدار کرنے کے مقصد سے 26 نومبر کو ملک کی ہر ریاست کے دارالحکومت میں ’ سمودھان بچاو¿ پدیاترا‘ نکالے جانے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ”جو لوگ ملک کی جمہوریت اور آئین پر یقین رکھتے ہیں، ہم ان سب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 26 نومبر کو آئین بچاو¿ پدیاترا میں شامل ہو کر ملک کی جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد میں حصہ لیں۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ