
نئی دہلی، 22 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں طبی تحقیق کا دائرہ اب صرف بیماریوں کے علاج تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس میں بیماریوں کی روک تھام، ابتدائی مرحلے میں تشخیص اور سالماتی و جینیاتی سطح پر تحقیق پر بھی توجہ دی جارہی ہے۔ ذیابیطس، موٹاپا، ہائی بلڈ پریشر اور دل سے متعلق بیماریاں اب کم عمر افراد کو بھی تیزی سے متاثر کررہی ہیں۔ ایسے میں احتیاط پر مبنی طبی خدمات اور بیماریوں کی بروقت شناخت ضروری ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان آبادی کی صحت کا تحفظ ہندوستان کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ اتوار کو یہاں منعقدہ ’دی ویک ہیلتھ سمٹ 2026‘ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مرکزی حکومت کے طبی اقدامات پر اظہار خیال کیا اور صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین، محققین اور صنعتی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس)، نئی دہلی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نکھل ٹنڈن، فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھارٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی) کے ڈائریکٹر شرد اگروال اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے ہندوستان میں نائب سربراہ ڈاکٹر آندرے کوزک سمیت کئی سینئر ڈاکٹرس اور طبی محققین موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی بدلتی عادتوں، جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور طرز زندگی سے جڑے مسائل کے باعث ذیابیطس، موٹاپے، ہائی بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ یہ مسئلہ اب شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام صرف ڈاکٹروں کی ذمہ داری نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے معاشرے کی اجتماعی شمولیت اور عوامی بیداری بھی ضروری ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ کووڈ-19 وبا کے دوران ہندوستان نے مقامی طور پر ڈی این اے ویکسین تیار کرکے اپنی سائنسی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا۔ اب ویکسین کی تحقیق اور احتیاط پر مبنی طبی خدمات کو مزید آگے بڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے تحت 50 لاکھ سے زیادہ نوعمر لڑکیوں کو ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ اس سے سروائیکل کینسر کی روک تھام کی کوششوں کو تقویت ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نایاب جینیاتی بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی سہولتوں کا دائرہ بڑھانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ایسی بیماریوں کے معاملے میں درست تشخیص میں تاخیر، علاج کے مہنگے اخراجات اور دواو¿ں کی محدود دستیابی کے باعث مریضوں اور ان کے اہل خانہ پر مالی بوجھ پڑتا ہے۔ اس لیے علاج کو زیادہ آسانی سے دستیاب اور سستا بنانا ضروری ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان مقامی طبی تحقیق کے شعبے میں بھی پیش رفت کررہا ہے۔ ملک میں نئی اینٹی بایوٹک دوائیں تیار کرنے اور جین تھراپی کے شعبے میں کام جاری ہے۔ انہوں نے ویلور کے کرسچن میڈیکل کالج میں ہیموفیلیا کے علاج کے لیے کی گئی جین تھراپی تحقیق کا ذکر کیا، جس کے نتائج معروف طبی جریدے ’نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن‘ میں شائع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی محققین اب ایسی جدید طبی ٹیکنالوجی تیار کررہے ہیں، جن کا استعمال بیرون ملک بھی کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نوجوانوں کو صحت سے متعلق گمراہ کن معلومات، غیر مصدقہ غذائی مشوروں اور زیب و آرائشکے مقاصد کے لیے ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر دواو¿ں کے استعمال سے خبردار کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مستند ڈاکٹروں سے مشورہ لیں اور سائنسی طور پر ثابت شدہ معلومات پر ہی بھروسہ کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ