
علی گڑھ، 22 نومبر (ہ س)۔
موسم میں سردی بڑھنے کے ساتھ ہی بزرگوں کی صحت پر اس کے اثرات ظاہرہونے لگے ہیں۔ معمر افراد میں نزلہ، زکام، بخار، سانس لینے میں دشواری اور ہڈیوں و جوڑوں کے درد کی شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان مسائل کے باعث اسپتالوں کی بیرونی مریضوں کی جانچ (او پی ڈی) میں بزرگ مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے مشترکہ اسپتال اور ملکھان سنگھ ضلع اسپتال میں بزرگ مسلسل علاج کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ او پی ڈی میں روزانہ آنے والے مریضوں میں تقریباً 20 فیصد بزرگ شامل ہیں۔
بدلتے موسم اور گرتے درجہ حرارت کا سب سے زیادہ اثر بزرگوں پر پڑتا ہے۔ عمر بڑھنے کے ساتھ قوت مدافعت کمزور ہونے لگتی ہے، جس کے باعث سردی میں نزلہ، زکام اور بخار جیسی بیماریاں جلد متاثر کرتی ہیں۔ وہیں پہلے سے دمہ، سانس اور دل کی بیماریوں میں مبتلا بزرگوں کی پریشانیاں بھی بڑھ سکتی ہیں۔ سردی میں پٹھوں اور جوڑوں میں اکڑن کے باعث ہڈیوں اور گھٹنوں کا درد بھی بڑھ جاتا ہے۔ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر محکمہ صحت نے بزرگوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ معمر افراد کے لیے الگ وارڈ تیار کیے جارہے ہیں، تاکہ انہیں علاج کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پنڈت دین دیال اپادھیائے مشترکہ اسپتال میں اکتوبر کے دوران او پی ڈی میں مجموعی طور پر 37,681 مریض پہنچے تھے، جبکہ ایمرجنسی میں 2,585 مریضوں کا اندراج کیا گیا تھا۔ نومبر میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور 20 نومبر تک ہی یہ تعداد 28 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ ان میں بزرگ مریضوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ نومبر میں 450 بزرگ مریضوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملکھان سنگھ ضلع اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ 1,800 سے 2,000 مریض پہنچ رہے ہیں۔ ان میں تقریباً 200 سے 300 بزرگ ہوتے ہیں، جو بخار، ہڈیوں کے درد، سانس اور بلڈ پریشر کی شکایات کے باعث اسپتال آتے ہیں۔
دین دیال اسپتال کے ڈاکٹر ایس کے سنگھل کے مطابق بدلتے موسم کے پیش نظر بزرگوں کو صبح اور دیر شام گھر سے باہر نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔ بہت ضروری ہونے پر گرم کپڑے پہن کر ہی باہر جائیں اور سر، کان، ہاتھ اور پیروں کو اچھی طرح ڈھانپ کر رکھیں۔ کمرے کو گرم رکھنے کے لیے محفوظ طریقے اختیار کریں اور بند کمرے میں انگیٹھی یا کوئلے کا استعمال نہ کریں۔ اس کے علاوہ بزرگ مناسب مقدار میں نیم گرم پانی پئیں، غذائیت سے بھرپور متوازن غذا لیں اور کچھ وقت ہلکی دھوپ میں ضرور گزاریں۔ سانس لینے میں دشواری، سینے میں درد، تیز بخار یا مسلسل کھانسی کی صورت میں گھریلو علاج پر انحصار کرنے کے بجائے فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
ملکھان سنگھ ضلع اسپتال کے چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جگبیر سنگھ ورما نے بتایا کہ سردیوں میں بزرگوں اور بچوں کو سب سے زیادہ پریشانی ہوتی ہے، جس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اہل خانہ سے اپیل کی کہ سرد موسم میں بزرگوں اور بچوں کا خصوصی خیال رکھیں، تاکہ انہیں سردی کے اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ