
علی گڑھ، 22 نومبر (ہ س)۔
تہواروں، مذہبی تقریبات اور مقابلہ جاتی امتحانات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلع میں 16 جنوری 2027 تک بھارتی شہری تحفظ ضابطہ کی دفعہ 163 نافذ کردی گئی ہے۔
اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ نے حکم جاری کیا ہے، جس کے تحت شادی کی تقریبات میں لائسنس یافتہ اسلحے کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ افواہیں پھیلانے، اشتعال انگیز پوسٹر اور بینر لگانے کے ساتھ فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھانے والی سرگرمیوں پر بھی روک رہے گی۔
یہ فیصلہ 24 نومبر کو گرو نانک جینتی اور کارتک پورنیما، 16 دسمبر کو غریب نواز کے عرس، 23 دسمبر کو چودھری چرن سنگھ جینتی، 25 دسمبر کو کرسمس، یکم جنوری کو نئے سال اور 14 جنوری کو مکر سنکرانتی کے علاوہ مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
حکم کے مطابق میرج ہوم اور بینکوئٹ ہال کے منتظمین شادی کی تقریبات میں لائسنس یافتہ اسلحے کے استعمال پر پابندی کو یقینی بنائیں گے۔ خلاف ورزی ہونے پر پولیس کو اطلاع دینا لازمی ہوگا۔ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے گمراہ کن خبریں پھیلانے، مذہبی جذبات بھڑکانے، قابل اعتراض نعرے لگانے اور پتلے نذر آتش کرنے جیسی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی۔
عوامی مقامات اور عمارتوں کی چھتوں پر اینٹ، پتھر، شیشے کی بوتلیں اور آتش گیر اشیا جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحانی مراکز میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد لے جانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشن، شمشاد مارکیٹ، جمال پور اور مال گودام علاقوں میں رات کے وقت 5 یا اس سے زیادہ افراد کے بلا ضرورت جمع ہونے پر بھی پابندی رہے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستھان سماچار / سید کامران علی گڑھ