اروناچل پردیش کے ہولونگی میں امت شاہ نے این ڈی آر ایف کی 12ویں بٹالین کے مستقل ہیڈکوارٹر کا افتتاح کیا
جدید سہولتوں سے آراستہ مرکز سے شمال مشرق میں راحت اور بچاو¿ کارروائیوں کو ملے گی تقویت ایٹا نگر، 22 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران اتوار کو اروناچل پردیش کے ضلع پاپوم پارے کے ہولونگی میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپان
اروناچل پردیش کے ہولونگی میں امت شاہ نے این ڈی آر ایف کی 12ویں بٹالین کے مستقل ہیڈکوارٹر کا افتتاح کیا


جدید سہولتوں سے آراستہ مرکز سے شمال مشرق میں راحت اور بچاو¿ کارروائیوں کو ملے گی تقویت

ایٹا نگر، 22 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران اتوار کو اروناچل پردیش کے ضلع پاپوم پارے کے ہولونگی میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 12ویں بٹالین کے نو تعمیر شدہ مستقل ہیڈکوارٹر کا افتتاح کیا۔ اس جدید مرکز کے فعال ہونے سے شمال مشرقی خطے میں آفات سے نمٹنے، راحت و بچاو¿ کی کارروائیوں اور ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی۔ زلزلے کے لحاظ سے حساس شمال مشرقی علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرکز کی تعمیر خصوصی تکنیکی معیار کے مطابق کی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے بتایا کہ اس ہیڈکوارٹر کی تعمیر مکمل ہونے میں آٹھ سال لگے۔ اس کا سنگِ بنیاد بی جے پی حکومت کے دور میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے رکھا تھا۔ اب تعمیر مکمل ہونے کے بعد این ڈی آر ایف کی 12ویں بٹالین کو مستقل اور جدید بنیادی ڈھانچہ دستیاب ہو گیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ زلزلے کے اعتبار سے انتہائی حساس ہے، اس لیے یہاں آفات سے نمٹنے والے اداروں کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ ہونا ضروری ہے۔ ہولونگی میں این ڈی آر ایف کی 12ویں بٹالین کا مستقل ہیڈکوارٹر قائم ہونے سے نہ صرف اروناچل پردیش بلکہ پورے شمال مشرقی خطے کو ہنگامی حالات میں بہتر مدد مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف کے اہلکار گزشتہ کئی برسوں سے اس علاقے میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور مختلف آفات کے دوران راحت و بچاو¿ کی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

ہولونگی میں قائم ہیڈکوارٹر کو شمال مشرق کی جغرافیائی اور قدرتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے۔ زلزلے کے خطرے والے اس علاقے میں عمارت کی تعمیر کے دوران سلامتی اور آفات سے نمٹنے کی ضروریات کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔ جدید سہولتوں سے آراستہ یہ مرکز اہلکاروں کی تربیت، جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور انتظامی سرگرمیوں کے لیے بھی کارآمد ہوگا۔

ہیڈکوارٹر میں کئی اہم سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جن میں اولمپک معیار کا سوئمنگ پول، تربیتی میدان، کھیل کا میدان اور افسران و ملازمین کے لیے ٹائپ تھری رہائشی کوارٹر شامل ہیں۔ ان سہولتوں سے این ڈی آر ایف اہلکاروں کو بہتر تربیت اور رہائش کی سہولت میسر آئے گی۔

امت شاہ نے خصوصی طور پر اولمپک معیار کے سوئمنگ پول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت صرف این ڈی آر ایف کے جوانوں تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ اولمپک اور قومی سطح کے مقابلوں کی تیاری کرنے والے کھلاڑی بھی یہاں تربیت حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سوئمنگ پول شمال مشرقی خطے کے کھیلوں کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے اور کھلاڑیوں کو بہتر تربیتی سہولتیں فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی آفات سے نمٹنے والی ٹیمیں نہ صرف ملک کے مختلف حصوں میں راحت و بچاو¿ کی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں، بلکہ ضرورت پڑنے پر دوسرے ممالک کی بھی مدد کرتی ہیں۔ اس سے آفات سے نمٹنے کے شعبے میں ہندوستان کی صلاحیت اور بین الاقوامی سطح پر اس کا کردار مضبوط ہو رہا ہے۔

اس سے قبل این ڈی آر ایف کی 12ویں بٹالین کا ہیڈکوارٹر اروناچل پردیش کے دوئیمکھ واقع ایمچی میں عارضی طور پر کام کر رہا تھا۔ ہولونگی میں مستقل عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اسے نئے احاطے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ نئے مرکز سے بٹالین کو انتظامی، تربیتی اور عملی کارروائیوں کے لیے بہتر سہولتیں حاصل ہوں گی۔ اس کے علاوہ شمال مشرق کے مختلف علاقوں میں کسی آفت کی صورت میں امدادی ٹیموں کی تعیناتی اور ان کے درمیان تال میل بھی زیادہ مو¿ثر ہو سکے گا۔

اس موقع پر اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو، مرکزی وزیر کرن رجیجو، نائب وزیر اعلیٰ چونا مین، اراکین پارلیمنٹ تاپیر گاو¿ اور تائی تاگاک، ریاستی وزیر داخلہ ماما ناتونگ، کابینہ کے ارکان، اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande